معاشرت >> عورتوں کے مسائل
سوال نمبر: 601219
چچی یا تائی سے پردہ کا حکم
تائی سے پردہ ہے یا نہیں ؟ نیز عائشہ نے اپنی دو بیٹیوں ( فاطمہ بڑی بیٹی ، ساجدہ چھوٹی بیٹی ) کا نکاح راشدہ کے دو بیٹے ( علی بڑا بیٹا اور ساجد چھوٹا بیٹا) سے کیا ۔ فاطمہ بڑی بیٹی کا نکاح علی بڑے بیٹے سے کیا ۔ ساجدہ چھوٹی بیٹی کا نکاح ساجد چھوٹے بیٹے سے کیا ۔ ایسا سمجھو کہ دو بہنوں کا نکاح غیرمحرم دو بھائیوں سے کیا گیا ۔ اب اس کے بعد ساجدہ کو ایک لڑکا حامد پیدا ہوا اور بالغ ہوگیا تو اس لڑکے حامد کو اپنی ماں ساجدہ کی بڑی بہن فاطمہ سے پردہ کرنا ہوگا یا نہیں ؟ اس لیے کہ یہاں پر دو حیثیت ہے 1) پہلی حیثیت تائی کی ہے ۔ حامد کے لیے فاطمہ جو کہ باپ ساجد کے بڑے بھائی علی کی بیوی ہے وہ تائی ہوتی ہے ۔ اور تائی سے پردہ ہے ۔ 2) دوسری حیثیت بڑی ماں کی ہے ۔ حامد کے لیے فاطمہ جو کہ ماں (ساجدہ) کی بڑی بہن ہے وہ حامد کے لیے بڑی ماں ہوتی ہے ۔ اور بڑی ماں سے پردہ نہیں ہے ۔ تو اب ایسی صورت میں پردہ ہونے یا نہ ہونے میں کونسے اصول کو مد نظر رکھا جائے گا ۔ براہ مہربانی جواب عنایت فرمائیں ۔
جواب نمبر: 601219
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa:209-135/N=4/1442
(۱، ۲): اگر چچی یا تائی سے محرمیت کا کوئی رشتہ نہ ہو،یعنی: وہ خالہ یا رضاعی ماں وغیرہ نہ ہو تو اُس سے پردہ ہوگا؛ کیوں کہ وہ غیر محرم ہے، یعنی: چچا یا تایا کے انتقال یا طلاق کے بعد جب عدت گذرجائے تو اس سے نکاح جائز ہے۔ اور اگر چچی یا تائی، خالہ یا رضاعی ماں وغیرہ بھی ہو تو اس صورت میں چوں کہ وہ محرم ہے، یعنی: اس سے کبھی نکاح نہیں ہوسکتا؛ لہٰذا اس سے پردہ نہیں ہوگا۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند