• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 51506

    عنوان: خواتین کا مسجد کے احاطے میں جانا کیسا ہے؟ اورکسی مسجد میں اگر خواتین صرف زیارت کے مقصد سے جائیں تو ان کو کیوں روکا جاتاہے؟

    سوال: خواتین کا مسجد کے احاطے میں جانا کیسا ہے؟ اورکسی مسجد میں اگر خواتین صرف زیارت کے مقصد سے جائیں تو ان کو کیوں روکا جاتاہے؟

    جواب نمبر: 51506

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 657-555/H=5/1435-U خواتین اگر حیض ونفاس کی حالت میں ہوں تو مسجد میں داخل ہونا ممنوع ہے جس طرح مرد اگر جنبی ہو تو اس کو بھی داخل ہونا حرام ہے اور مسجد کی زیارت کرنے کی غرض سے داخل ہونا شرعی اعتبار سے بلا ضرورت ہے ان کے لیے مسجد کی فی نفسہ زیارت کرنا نہ فرض ہے نہ واجب ہے نہ سنت ہے نہ مستحب ہے، اور آج کل بہت سے مقامات پر مسجد میں خواتین کے داخل ہونے او رزیارت کرنے میں بہت سے مفاسد بھی پیدا ہوگئے ہیں، مثلاً (الف) بہت سی خواتین بن سنور کر پورا میک اپ کرکے خوشبو لگاکر مسجد میں آتی ہیں اس حالت میں گھر سے باہر نکل کر مسجد کے علاوہ دیگر جگہوں میں بھیجانا جائز نہیں۔ تو مسجد میں داخل ہونا اور اور داخل ہونے کے لیے گھر سے باہر نکل کر مسجد تک کا راستہ طے کرنا کیوں کر جائز ہوسکتا ہے؟ (ب) جب مساجد میں داخل ممنوع نہ ہوگا تو دور دراز اور قریب وبعید علاقوں سے بغیر محرم شرعی کے سفر کو اختیار کریں گی۔ (ج) غیرمحرم مردوں سے اختلاط اور بے پردگی کی بکثرت نوبت آئے گی جیسا کہ جامع مسجد دہلی اور دیگر سیر وتفریح کے مقامات پر مشاہد ہے۔ (د) بعض عورتیں میک اپ میں ناخن پالش وغیرہ ایسی اشیاء کا استعمال کرتی ہیں کہ جس کے لگے ہوئے ہونے کی حالت میں ان کا غسل ووضو درست ہی نہیں ہوتا اور جب غسل درست نہ ہوا تو حالتِ جنابت برقرار رہی اورایسی حالت میں مسجد میں داخل ہونا بھی اس کے حق میں حرام ہوگا۔ (ھ) بعض مرد اور منچلے لڑکے مساجد میں بھی عورتیں اور لڑکیوں کے فوٹو بناتے بلکہ فلمیں بناتے ہیں اور ظاہر ہے کہ بغیر ضرورتِ شدیدہ فوٹو مرد وعورت سب کا حرام ہے اور مساجد میں اس کا اشد حرام ہونا ظاہر ہے اور لڑکے لڑکیوں کا یا تنہا بہت لڑکیوں یا تنہا بہت سے لڑکوں کی تصویر کشی اور فلم کی قباحت کا کئی گنا ہوجانا بلکہ بہت سے گناہوں کا ان سے متعلق ہوجانا معمولی سی عقل رکھنے والوں پر بھی مخفی نہیں ہے وغیرہ وغیرہ۔ الغرض یہ مذکورہ بالا خرابیاں اور دیگر بہت سے مفاسد ہیں کہ جن کی وجہ سے خواتین کو مسجد میں داخل ہونے سے روکا جاتا ہے، مختصر تفصیل بالا کے ملاحہ کے بعد امید ہے کوئی اشکال نہ رہے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند