• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 50103

    عنوان: بچوںكی تربیت كا مسئلہ

    سوال: میرے شوہر کا انتقال ہوگیا ہے ، ہمارا گھر شروع سے بہت دینی رہا ہے ، میرا بڑا بیٹا ۲۵ سال کا ہے ، میرے پانچ بیٹے ہیں ، میرے بچے اب نماز نہیں پڑھتے ہیں، میں سارا دن دانٹتی رہتی ہوں ، بچے کوئی نہ کوئی بات بنا کر ٹال دیتے ہیں اور میرے دو بیٹے حافظ بھی ہیں، قرآن نہیں پڑھتے ہیں، میرے شوہر نے ان دو بچوں کو حافظ بنانے کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں ، کیوں کہ ہمارا خاندان بہت دنیا دار ہوگیا ہے ، کیا میرے شوہر کو گناہ ملتاہوگا اور کیا میں اپنے بالغ بچوں کو بار بار نماز کے لیے کہوں ، ابھی بھی سب ہمارے گھر کو بہت دین دار سمجھتے ہیں ، براہ کرم، جواب دیں، میں بہت پریشان ہوں۔

    جواب نمبر: 50103

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 218-215/N=2/1435-U (۱) اگر آپ کے شوہر نے بچوں کی دینی تعلیم وتربیت میں حسب استطاعت پوری کوشش ومحنت کی ہے لیکن اس کے باوجود بچے نماز وغیرہ کے پابند نہیں بنے اور نہ اب ہیں تو بچوں کی دینی بے راہ روی اور احکام دینی سے غفلت ولاپروائی کا گناہ آپ کے شوہر کو نہ ہوگا۔ (۲) آپ اچھے انداز سے بچوں کو نماز وغیرہ کے لیے نصیحت کرتے رہیں اور ان کے لیے دعائیں بھی کریں اور بزرگان دین واولیائے عظام کی خدمت اور مجالس میں جانے اور جماعت میں نکلنے کی ترغیب بھی دیتی رہیں، ان شاء اللہ کچھ ہی عرصہ میں ان کی زندگیوں میں دین آجائے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند