• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 47757

    عنوان: معروف کا تین اگست ،شام پانچ بجے انتقال ہوگیا ، ان کی بیوی کی عدت کب پوری ہوگی؟

    سوال: (۱) معروف کا تین اگست ،شام پانچ بجے انتقال ہوگیا ، ان کی بیوی کی عدت کب پوری ہوگی؟ (۲) کیا عدت کے درمیان زیور پہلے سے پہنے تھی اتارنا ہوگا یا پہنے رہے گی ؟ (۳) کیا جس کے سامنے معروف کی زندگی میں ہوتی تھی ان کے سامنے ہوسکتی ہے؟

    جواب نمبر: 47757

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1403-942/L=12/1434-U (۱) مذکورہ بالا صورت میں مرحوم معروف کی بیوی کی عدت ۱۱/ دسمبر کی شام پانچ بجے پوری ہوجائے گی۔ (۲) عدت وفات میں عورت سوگ منائے گی یعنی زینت ترک کردیگی؛ اس لیے اگر عورت نے زیور پہن رکھے ہوں تو اس کو چاہیے کہ وہ دورانِ عدت ان زیورات کو اتاردے ”تحد․․․ مکلفة․․․ إذا کانت معتدة بتّ أو موت․․․ بترک الزینة بحلي“ (درمختار) وفي الشامي: أي بجمیع أنواعہ من فضة وذہب وجواہر․․․ (شامي: ۵/۲۱۷) (۳) جن لوگوں سے عورت کا قبل عدت پردہ نہیں ہے ان سے دورانِ عدت بھی پردہ نہیں ہے، ایسے لوگوں کے سامنے عورت دورانِ عدت آسکتی ہے، اور پردہ کرنے یا نہ کرنے کے سلسلے میں ضابطہ یہ ہے کہ جو عورت کے غیرمحرم ہیں یعنی جن سے نکاح کرناعورت کے لیے ہمیشہ کے لیے حرام نہیں ہے، ان سے پردہ کرنا ضروری ہے، غیرمحرم میں دیور خالہ زاد بھائی، پھوپھی زاد بھائی وغیرہ داخل ہیں اور جو عورت کے محرم ہیں یعنی جن سے نکاح کرنا ہمیشہ کے لیے حرام ہے، جیسے بھائی، والد بھتیجہ، بھانجہ وغیرہ ان سے پردہ کا حکم نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند