• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 43812

    عنوان: اگر سسر کے ساتھ کھانے میں فتنے کا اندیشہ ہو، تو ایک ساتھ کھانا درست نہیں۔

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ گھر میں میاں بیوی بچے سب ایک ساتھ مل کر ایک دسترخان پر کھانا سنّت ہے تو کیا بیٹے کی بیوی یعنی پُتو کو بھی دسترخان پر بٹھا سکتے ہیں بیٹے کی موجودگی یا غیر موجودگی میں پورے اہل خانہ ایک ساتھ کھانا کھا سکتے ہیں جس میں نابالغ دیور اور سسر موجود ہوں ۔

    جواب نمبر: 43812

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 334-334/M=3/1434 اہل خانہ میں اگر سب افراد وہ ہیں جن سے شرعاً پردہ نہیں ہے جیسے: میاں بیو، بچے، نابالغ دیور اور سسر وغیرہ تو سب مل کر ایک دسترخوان پر کھانا کھاسکتے ہیں۔ دسترخوان بچھاکر کھانا سنت ہے اور بیٹے کی بیوی (بہو) کو بھی بٹھاسکتے ہیں؛ البتہ دیور اگر بالغ ہو تو اس سے پردہ ضروری ہے، حضور -صلی اللہ علیہ وسلم- نے حدیث میں دیور کو موت کہا ہے، یعنی دیور سے بے پردگی میں فتنے کا زیادہ اندیشہ ہے، اسی طرح اگر سسر کے ساتھ کھانے میں فتنے کا اندیشہ ہو، تو ایک ساتھ کھانا درست نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند