• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 3104

    عنوان: شوہر بقدر ضرورت پيسے نہ کما پائے تو بیوی کا کمپنی میں کام کرنا درست ہے یا نہیں؟

    سوال:

    میراسوال میری بہن کے بارے میں ہے، اس کی تین بیٹیاں ہیں اوراس کے شوہرذمہ دار قسم کے نہیں ہیں اور فیملی کے لیے بقدر ضرورت پیسے بھی نہیں کماتے ہیں، جس کی وجہ سے میری بہن ایک کمپنی میں کام کرنے کے لیے جارہی ہے، وہ وہاں بے پردگی کی وجہ سے جانے پر خوش نہیں ہے، پیسے کمانے کی غرض سے میر ی بہن کا باہر جانا درست ہے یانہیں ؟ اگر یہ غلط ( حرام) ہے تو اسے اس صورت حال میں کیا کرنا چاہئے؟ میں نے اسے مشورہ دیاہے کہ گھر پر ہی پرائمری کے طلبہ کو پڑھایا کرو، لیکن اس سے زیادہ آمدنی نہیں ہوگی اور دوسری بات ہے کہ گھر میں رہنے پر اس کا شوہر اسے ڈانٹیں گے۔ برا ہ کرم، مشورہ دیں کہ شریعت کی رو سے وہ کیا کرے گی؟

    جواب نمبر: 3104

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 103/ د= 94/ د

     

    عورت کو بدون سخت ضرورت کے باہر نکلنا منع ہے اگر کسی اہم ضرورت سے مجبوراً نکلنا ہی پڑجائے تو پورے پردہ کے ساتھ نکلنا لازم ہے۔

    کمپنی میں آپ کے بہن کی بے پردگی ہوتی ہے یا انھیں اجانب سے معاملہ یا بات چیت کرنا پڑتا ہے تو انہیں ایسی ملازمت نہیں کرنی چاہیے بلکہ گھر پر ہی کوئی آمدنی کا ذریعہ اختیار کرلینا چاہیے جیسا کہ آپ نے ان کو مشورہ دیا ہے اس میں آمدنی خواہ کم ہی ہو لیکن عزت وعافیت زیادہ ہے، ان کے گھر پر رہنے سے بچیوں کی تربیت اور نگرانی بھی ہوسکے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند