• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 171020

    عنوان: میں خوش رہنا چاہتی ہوں مجھے كیا كرنا چاہیے؟

    سوال: میں ایک ۲۹ سال کی لڑکی ہوں، غیر شادی شدہ ہوں، اور اسکول میں پڑھاتی ہوں، میں نماز پڑھتی ہوں، عبادت بھی کرتی ہوں، اللہ سے دعا کرتی ہوں، اور اللہ سے دل کی بات بھی کرتی ہوں، لیکن پھر بھی میں اپنے آپ سے بہت پریشان ہوں ، کیوں کہ میں موڈی ہوں، کبھی تو بہت خوش ہوجاتی ہوں اور کبھی بہت جلدی غصہ، مجھے کوئی دکھ تو نہیں ہے پھر بھی میرا زندگی جینے کا دل نہیں کرتا، میں سوچتی ہوں کہ اللہ نے مجھے اس دنیا میں کیوں بھیجا، میں بہت اکیلی رہتی ہوں ، اندر ہی اندر اپنے آپ کو مارتی رہتی ہوں، میں کیا کروں، مجھے بتائیں ، یہ میں باتیں اللہ سے اپی دعاؤں میں بھی کرتی ہوں۔ براہ کرم، میری مدد کریں ، سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ زندگی کہاں لے جارہی ہے، اور اکیلے کب تک چلنا ہے، میں بھی دوسری لڑکیوں کی طرح خوش رہنا چاہتی ہوں، میرا کسی سے بات کرنے کو دل نہیں کرتا، اکیلی ہی اپنے کمرے میں بیٹھی رہتی ہوں ایک کونے میں۔ میری مدد کریں ،میں بہت امید سے آپ کو اپنی پریشانی بتائی ہے، آپ سب کی پریشانی دور کرتے ہیں ، سب کے سوالوں کا جواب دیتے ہیں ، میری پریشانی بھی دو کریں ، کیوں کہ میں اپنے آپ سے بہت زیادہ پریشان ہوں۔ آپ کے جواب کا انتظار رہے گا۔

    جواب نمبر: 171020

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1061-898/D=10/1440

    یہ انقباض کی کیفیت کہلاتی ہے اس میں خالی رہنے سے گریز کریں سینا، کاڑھنا، بچوں کو پڑھانا، اس طرح کی کوئی مشغولیت اختیار کرلیں، باقی نماز تلاوت عبادت، دعا وغیرہ تو آپ کرتی ہی ہیں، بس بے کار باتیں سوچنے سے پرہیز کریں، یہ جب ہوسکے گا جب اپنے کو خالی رکھنے سے بچائیں گی۔

    دوسری بات یہ کہ اللہ تعالی نے سب انسانوں کو اس لئے پیدا کیا تاکہ اس کی بندگی کریں اور دنیا میں اس لئے بھیجا ہے کہ برے کاموں سے بچیں اور اللہ تعالی کی مرضی کے مطابق زندگی گذاریں پھر امتحان اور جانچ کے لئے کسی کو صحت و تندرستی عطا کی کسی کو بیماری اور پریشانی۔ کسی کو مالداری عطا کی کسی کو غربت و فقیری، کسی کو خوش حال اور فرحاں رکھا کسی کو تنگی اور نقیاض کی حالت میں یہ سب اللہ تعالی کی حکمت و مصلحت پر مبنی ہے انسان کا کام تو یہ ہے کہ ہرحال میں خوش رہے اور اپنے مقصد حیات کو پورا کرے اس سلسلے میں منفی سوچ بالکل نہ لائے کہ وہ شیطانی وساوس اور پراگندہ خیالات ہوتے ہیں جب وہ آئیں تو لاحول ولاقوة إلا باللہ ، أستغفر اللہ ربی من کل ذنب وأتوب إلیہ پڑھ لیا کرے اور کلمہ طیبہ کا وِرد کثرت سے کرے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند