• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 165199

    عنوان: اگر عورت مکمل پردہ کے ساتھ نکلے تو اس کے لئے مسجد میں جانے کا کیا حکم ہے؟

    سوال: اگر کوئی عورت مکمل طورپر شرعی پردہ کرے اور اپنے پورے جسم ، ہاتھ اور چہرہ کو ڈھک کر گھر سے باہر نکلے تو کیا اب بھی اس کے لیے مسجد میں روزانہ نماز پڑھنے کے لیے جانا ناجائز ہے؟اور تراویح کے لیے خاص طورپر؟

    جواب نمبر: 165199

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 37-29/SN=2/1440

    جی ہاں! مکمل پردہ کے ساتھ نکلنے کی صورت میں بھی عورتوں کے لئے مسجد میں جاکر باجماعت نماز ادا کرنا شرعاً ممنوع ہے، شامی ، البحر الرائق اور اعلاء السنن وغیرہ میں یہ مسئلہ مصرح ہے؛ ا س لئے عورتوں کو چاہئے کہ اپنے گھر ؛ بلکہ گھر کی کوٹھری ہی میں پنجوقتہ اور تراویح کی نماز ادا کریں اور اس سلسلے میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیث کو پیش نظر رکھیں جس میں کہا گیا ہے کہ عورت کے لئے گھر کے اندر (یعنی دالان میں) نماز پڑھنا صحن میں نماز پڑھنے سے افضل ہے اور کوٹھری میں نماز پڑھنا دالان میں نماز پڑھنے سے افضل ہے۔ عن ابن مسعود قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صلاة المرأة فی بیتہا أفضل من صلاتہا فی حجرتہا، وصلاتہا فی مخدعہا أفضل من صلاتہا فی بیتہا (مشکاة مع المرقاة، رقم: ۱۰۶۳) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند