• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 164956

    عنوان: ماہواری سے پاک ہونے کی علامت کیا ہے؟

    سوال: ماہواری سے پاک ہونے کی علامت کیا ہے؟ جب خون رک جائے؟یا جب سفیدی ڈسچارج ہو؟میں ہمیشہ نہانے سے پہلے سفیدی کے نکلنے کا انتظار کرتی ہوں (اگر چہ خون رک جاتاہے )، اور عام طورپر سفیدی کے نکلنے کا ٹائم فجر سے عصر تک کا ہوتاہے اور کبھی کبھی عشاء کی نماز تک ہوجاتاہے، اس لیے مجھے کوئی دوسرا طریقہ معلوم نہیں ہے کہ خون کب بند ہوتاہے۔ماہواری کی مدت عام طورپر چھ دن کی ہے، مگر صبح سے شام تک الگ الگ رنگ کا خون نکلتاہے، اس لیے اگر طہارت کی علامت خون کا بند ہونا ہے تو تقریباً یہ معلوم ہونا ناممکن ہے کہ یہ اصل میں کب بند ہوتاہے اور مجھے کونسی نماز پڑھنی ہے؟لیکن اگر سفیدی طہارت کی علامت ہے تو یہ معلوم ہوسکتاہے کہ کونسی نماز پڑھنی ہے۔ براہ کرم، اس بارے میں رہنمائی فرمائیں تاکہ نماز نہ چھوٹے اور وقت سے پہلے غسل بھی نہ ہو نیز انجانے میں ناپاکی کی حالت میں بھی نہ رہوں؟

    جواب نمبر: 164956

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:16-92/sd=2/1440

     ماہواری سے پاک ہونے کی علامت خون رک جانا ہے ، سفیدی کے ڈسچارج ہونے کا انتظار کرنا صحیح نہیں ہے ، اگر خون رک جائے تو حسب شرائط حیض کے انقطاع کا حکم ہوگا، جس کی تفصیلات کتب فقہ میں مذکور ہیں اور حیض کی مدت میں سرخ، زرد،سبز مٹیالا،سیاہ اور گدلا جو بھی رنگ آئے ، سب حیض ہے، ہاں اگر خالص سفید مادہ دیکھے ، تو وہ حیض نہیں ہے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند