• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 153714

    عنوان: حصول اولاد کے لیے ڈاکٹر کے انجکشن کے ذریعہ مادہٴ منویہ کو عورت کے رحم میں پہنچانا

    سوال: کسی عورت کے بچہ نہیں ہوتا ، اگر وہ بچہ پیدا کرانے کے لے داکٹر کے انجکشن کے ذریعہ یا دوسرے لوگوں کے منی کے ذریعہ بچہ جنم دے تو یہ جائز ہے یا نہیں؟ اگر تفصیل سے بتائیں تو مہربانی ہوگی۔

    جواب نمبر: 153714

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1159-966/D=12/1438

    حصول اولاد کے لیے ڈاکٹر کے انجکشن کے ذریعہ مادہٴ منویہ کو عورت کے رحم میں پہنچانا، خواہ شوہر ہی کا مادہٴ منویہ کیوں نہ ہو ناجائز وحرام ہے؛ کیوں کہ اس میں محض جلب منفعت کی خاطر کشفِ عورت لازم آتا ہے، جو نہ کہ صرف مزاجِ شریعت کے خلاف ہے؛ بلکہ انتہائی بے حیائی اور بے غیرتی پر مشتمل ہے؛ اس لیے اس سے احتراز لازم ہے۔

    (۲) شوہر کے علاوہ کسی اجنبی کے مادہٴ منویہ کو عورت کے رحم میں داخل کرنے میں اوپر ذکر کیے ہوئے مفاسد کے علاوہ اختلاطِ نسب کا بھی مفسدہ ہے، اس لیے اس کی حرمت اور بھی زیادہ شدید ہے۔

    مستفاد از: چند اہم عصری مسائل: ۲/ ۲۹۹، احسن الفتاوی: ۸/ ۲۱۴، نظام الفتاوی: ۳/ ۳۰۹۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند