• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 145270

    عنوان: کتنی عمر کے لڑکے سے پردہ کرنا چاہیے؟

    سوال: ۱۔میں پردہ کے متعلق سوال پوچھنا چاہتی ہوں،کتنی عمر کے لڑکے سے پردہ کرنا ہے ؟ میں نے اپنے شیخ سے سنا ہے کہ 9 سال کی عمر کے لڑکے سے احتیاط کرنا چاہیے اور 11 سال کی عمر کے لڑکے سے پردہ کرنا چاہیے ، میرا خالہ زاد بھائی جو کہ ابھی ساڑھے 11 سال کا نہیں ہے میں اس سے شرعی پردہ نہیں کرتی جبکہ 12 سال سے اوپر والی عمر کے بچوں سے پردہ کرتی ہوں، میں نے آپ کی ویب سائٹ پر موجود فتویٰ دیکھا کہ 15 سال کی عمر میں بالغ ہونے کا حکم لگا دیا جاتا ہے ، معلوم یہ کرنا ہے کہ میں اس لڑکے سے بھی پردہ کروں یا جب وہ 12 سال کا ہو جائے تب کروں، کیونکہ میں نہیں جانتی کہ وہ بالغ ہے یا نہیں، اس کے علاوہ جو حضرت نے احتیاط کا کہا کہ 9 سال کی عمر کے لڑکے سے احتیاط ہے تو کس طرح کی احتیاط ہے ؟ ۲۔کیا میں اپنے سسر جو کہ 70 سال کے قریب ہیں اور دوسری خواتین کے سامنے باریک دوپٹہ اوڑھ سکتی ہوں جس میں بال نظر آتے ہیں؟

    جواب نمبر: 145270

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 004-029/sd=2/1438

     

    آپ کا۱۲ /سال سے اوپر والی عمر کے بچوں سے پردہ کرنا صحیح ہے اور آپ کے شیخ نے جو فرمایا کہ ۹/سال کی عمر کے بچوں سے عورت کو احتیاط کرنی چاہیے، یہ بھی صحیح ہے، احتیاط کا مطلب یہ ہے کہ پورا پردہ تو نہیں ہے، مگر احتیاط کی جائے کہ بے محابہ اور بے تکلف سامنے نہ آئے، اُس کے سامنے سر وغیرہ کھولنے میں احتیاط برتے۔ قال الحصکفي: وفي السراج: لا عورة للصغیر جداً، ثم مادام لم یشتہ، فقبل ودبر، ثم تغلظ الی عشر سنین۔۔۔۔۔قال ابن عابدین:( ثم تغلظ) قیل : المراد أنہ یعتبر الدبر وما حولہ من الالیتین، والقبل وما حولہ ، یعني: أنہ یعتبر في عورتہ ما غلظ من الکبیر۔ ( الدر المختار مع رد المحتار: ۱/۴۰۷، ۴۰۸، ط: دار الفکر )

    (۲) سسر اور بھائی کے سامنے باریک دوپٹہ اوڑھنا جائز ہے؛ لیکن اچھا نہیں ہے، محرم کے سامنے بھی حتی الامکان سر کے بال وغیرہ اچھی طرح ڈھانک کر ہی رکھنے چاہییں ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند