• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 66724

    عنوان: مسجدوں میں ایپلی كیشن كی تشہیر كرنا؟

    سوال: ہاسٹ اینڈ گیسٹ (Host & Guest) ایک موبائل ایپلی کیشن ہے جو کہ بہت جلد لانچ ہونے جارہی ہے۔ اس کا مقصد لوگوں کو ایک ساتھ سفر کرنے میں تعاون کرنا، وقت، پیسہ وغیرہ کا بچانا ہے۔ یہ ایپلی کیشن استعمال کرنے والوں سے کوئی رقم نہیں لتی ہے، اور استعمال کرنے والوں کو اس کے لیے کریڈٹ کارڈ یا ایک دوسرے کے ساتھ اخرجات کو شیئر کرنے کے لیے استعمال کرنے والوں کے بینک کی تفصیل کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ چنانچہ یہ ایپلی کیشن انسانیت کی مدد کرنے کا ذریعہ ہوگی، کیا جمعہ میں ہم مسجدوں میں اس کی تشہیر کے بارے میں کہہ سکتے ہیں۔

    جواب نمبر: 66724

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 652-528/D=8/1437 مسجد ذکر اللہ ، نماز ، تلاوت قرآن ، دینی امور کے مذاکرہ اور اعتکاف کے لئے موضوع ہے ۔ وہاں دنیوی کاروباری امور سے منع کیا گیا ہے۔ مثلا کسی کا سامان گم ہوگیا اس کے گم ہونے کا اعلان کرنامسجد میں منع ہے ۔ حدیث میں ہے إذا رأیتم من ینشد ضالة فی المسجد فقولوا لا ردہا اللّٰہ علیک یعنی جب کوئی شخص اپنی گم شدہ چیز کا اعلان مسجد میں کرے تو تم لوگ کہہ دو اللہ تمہارا سامان واپس نہ ملائے۔ اس سے معلوم ہوا کہ مذکور فی السوال اعلانات مسجد میں کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ شامی میں ہے ویحرم فیہ السوال ویکرہ الإعطاء مطلقا ، وقیل ان تخطی ، وانشاد ضالة أو شعر إلا مافیہ ذکر․ صفحہ ۴۳۳/ج : ۲ ۔ یعنی مسجد میں سوال کرنا مطلقاً منع ہے اسی طرح گمشدہ سامان کا اعلان کرنا یا اشعار پڑھنا مگر جب اشعار میں اللہ کا ذکر ہوتو گنجائش ہے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند