• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 608039

    عنوان:

    مسجد کی موقوفہ زمین کو اسکول کے لیے کرایہ پر دینا

    سوال:

    سوال : کیافرماتے ہیں مفتیانِ کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں مسجد کے لئے وقف کی ہوئی زمین ہے فی الحال اس زمین میں غلہ پیدا ہوتا ہے بکر وقف شدہ زمین کو اسکول چلانے کے لئے کرایہ پر لینا چاہتا ہے تو بکر کو مسجد کے لیے وقف شدہ زمین اسکول چلانے کے لئے دیا جاسکتا ہے کہ نہیں؟ مدلل ومفصل جواب عنایت فرما کر شکریہ کا موقع دیں۔

    جواب نمبر: 608039

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 493-380/M=05/1443

     مذکورہ زمین اگر مسجد کی مصالح کے لیے وقف ہے، اور فی الحال اس موقوفہ زمین سے جس قدر آمدنی بشکل پیداوار ہوتی ہے اگر اس سے کہیں زیادہ آمدنی زمین کو کرایہ پر دینے کی صورت میں حاصل ہوسکتی ہے تو انفع للوقف کے پیش نظر وہ زمین بکر کو معروف کرایہ پر دی جاسکتی ہے لیکن اس کا خیال رہے کہ لمبی مدت کے لیے اجارے پر نہ دی جائے اور جتنی مدت کے لیے دی جائے اس کا ایگریمنٹ وغیرہ بنوا لیا جائے تاکہ ضیاع وقف کا اندیشہ نہ رہے۔

    ------------------------------

    جواب صحیح ہے بشرطیکہ ذمہ داران وقف کرایہ پر دینے کو مناسب سمجھ کر معاملہ کریں۔ (ھ)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند