• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 607012

    عنوان: مسجد کی کمیٹی کے لئے کیسے افراد کا انتخاب کرنا چاہئے ؟

    سوال:

    برائے مہربانی مجھے بتائیں کہ مسجد کمیٹی کے اراکین کو منتخب کرنے کا معیار کیا ہے ؟ اگر بلڈنگ میں 350 فلیٹس ہیں اور مسجد بلڈنگ کے احاطے میں ہے ، تو 350 ممبروں میں سے مسجد کمیٹی کے لیے 10 ممبروں کا انتخاب کا معیار کیا ہوگا؟براہ کرم فتویٰ دیں۔

    جواب نمبر: 607012

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:343-279/L=4/1443

     مسجد کی کمیٹی کے لئے ایسے افراد کا انتخاب کرنا چاہئے جو دیانت دار اور دین دار ہوں ،فسق وفجور سے اجتناب کرتے ہوں ،نیزان کے اندر انتظامی امور کو سمجھنے اور انجام دینے کی صلاحیت ہو ،اور امورِ وقف میں دلچسپی رکھتے ہوں ،مسجد کی کمیٹی کے انتخاب کے لئے شریعت میں کوئی خاص متعینہ طریقہ نہیں ہے ؛ لہذا اہل بلڈنگ اپنے باہمی اتفاق سے مذکورہ بالا اوصاف کے حامل لوگوں میں سے ۱۰/ افراد کو مسجد کی کمیٹی کے لئے منتخب کرلیں ۔ واضح رہے کہ فسق وفجور میں مبتلا بے نمازی یا ریش تراشیدہ لوگوں کو مسجد کی ذمہ داری حوالے نہ کی جائے ۔

    فقال فی فتح القدیر الصالح للنظر من لم یسأل الولایة للوقف ولیس فیہ فسق یعرف قال وصرح بأنہ مما یخرج بہ الناظر ما إذا ظہر بہ فسق کشربہ الخمر ونحوہ. اہ.وفی الإسعاف لا یولی إلا أمین قادر بنفسہ أو بنائبہ لأن الولایة مقیدة بشرط النظر ولیس من النظر تولیة الخائن لأنہ یخل بالمقصود وکذا تولیة العاجز لأن المقصود لا یحصل بہ ویستوی فیہ الذکر والأنثی وکذا الأعمی والبصیر وکذا المحدود فی قذف إذا تاب لأنہ أمین. رجل طلب التولیة علی الوقف قالوا لا یعطی لہ وہو کمن طلب القضاء لا یقلد اہ.والظاہر أنہا شرائط الأولویة لا شرائط الصحة(البحر الرائق شرح کنز الدقائق ومنحة الخالق وتکملة الطوری 5/ 244)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند