• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 604550

    عنوان: خارج مسجد صحن کو مسجد میں داخل کرنا 

    سوال:

    کیا فرماتے ہیں مفتیان عظام اس مسئلہ میں کہ ہمارے صوبہ گجرات میں عام طور سے مسجد کا صحن، شرعی مسجد میں داخل نہیں ہوتا تو کیا اب مسجد کا بانی یا انتظامیہ صحن کو داخل کرنے کی نیت کرے تو یہ صحن مسجد شرعی میں شامل ہو جائے گا یا نہیں ؟ عامة معروف مسئلہ تو یہی ہے کہ توسیع مسجد کے وقت جدید حصہ کو مسجد شرعی میں داخل کرنے کی نیت صحیح ہوتی ہے لیکن بغیر توسیع کے پہلے سے (یعنی بانی کے وقف کرتے وقت سے ) جو حصہ موجود تھا(مثلا صحن مسجد) لیکن بانی نے اسے مسجد شرعی میں شامل کرنے کی نیت نہیں کی تو اب وقف ہو جانے کے بعد اس میں مسجد میں داخل کرنے کی نیت معتبر نہ ہوگی ۔ آں حضرات کرام سے تحقیقی تفصیلی جواب کی درخواست ہے ۔ جزاکم اللہ خیرا

    جواب نمبر: 604550

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1110-912/H=11/1442

     اگر اہل محلہ اور ذمہ دارانِ مسجد یہ تصرف کرلیں تو فی نفسہ جائز ہے مگر جب کہ آپ کے علاقہٴ گجرات میں عام طور پر صحن مسجد کو خارجِ مسجد حصہ رکھنے کا معمول ہے تو بہتر یہی ہے کہ اُس (صحن) کو خارجِ مسجد ہی رکھیں تاہم اگر کوئی ضرورت درپیش ہے تو منتظمین مسجد مقامی مفتیانِ کرام سے درخواست کرکے معائنہ کرادیں بعد معائنہ منتظمین مسجد اور اہل محلہ صحن مسجد کو مسجد شرعی میں داخل کرلیں تو داخل ہوجائے گا اور پھر اُس پر مسجد شرعی کے احکام لاگو ہوں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند