• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 55692

    عنوان: مسجد كے مائك كا استعمال كن چیزوں میں كرنا چاہیے؟

    سوال: ایک شخص یہ کہتا ہے کہ مائک کو مسجد پر لگانا صحیح نہیں ہے کیوں کہ اس میں نعت وغیرہ پڑھتے ہیں اور چندہ کرتے ہیں۔ ان صاحب کا یہ کہنا درست ہے۔ بحوالہ کتب مفصل جواب مرحمت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 55692

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1511-1070/L=12/1435-U مسجد کا مائک چونکہ مسجد کے استعمال کے لیے ہوتا ہے؛ اس لیے مائک کو مسجد پر لگاسکتے ہیں، لوگوں میں اس کا تعامل ہے، مائک پر اگر کبھی وعظ ہوجائے یا کوئی نعت پڑھ دے یا مسجد ہی کے لیے اس پر چندہ ہوجائے تو اس میں مضائقہ نہیں؛ کیونکہ یہ چیزیں مسجد میں بھی جائز ہیں، تو مائک پر بھی جائز ہوں گی، البتہ بعض جگہوں پر لوگوں نے یہ کرلیا ہے کہ کسی خاص دن چندہ کرتے ہیں جس میں بچے نعت وغیرہ پڑھتے ہیں اور لوگ چندہ دیتے ہیں، چندہ دینے کی صورت میں چندہ دینے والوں کے نام اور رقم کی وضاحت کی جاتی ہے اور پھر ان کے حق میں دعائیں دی جاتی ہیں، چندہ کا یہ طریقہ مناسب نہیں، اس طور پر چندہ کرنے سے احتراز کرنا چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند