• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 55161

    عنوان: بچوں کو مسجد میں لانا

    سوال: بچوں کو مسجد میں لانے سے منع کرنے پر جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث ہے اس کو اردو میں حوالہ کے ساتھ تحریر کر دیں اور اس موضوع پر کوئی کتاب یا کسی رسالہ میں کوئی مضمون آیا ہو تو اس کا نام بھی بتا دیں تاکہ اس مسئلہ کا تفصیل سے مطالعہ کر کے اپنے علم میں اضافہ کر سکوں۔

    جواب نمبر: 55161

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1427-970/L=11/1435-U ابن ماجہ شریف کی روایت ہے کہ حضرت واثلہ بن اسقع فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ”تم اپنی مساجد کو اپنے بچوں، پاگلوں، خرید وفروخت جھگڑوں اور اپنی آوازوں کو بلند کرنے وغیرہ سے محفوظ رکھو۔ (ابن ماجہ/ ابواب المساجد والجماعات، باب ما یکرہ فی المساجد ص۵۵) اس موضوع پر مزید تفصیلی بحث کے لیے آپ ”احسن الفتاوی، باب الامامة والجماعة، عنوان: بچوں کو بالغوں کی صف میں کھڑا کرنا ۳/۲۸۰“ اور ”آپ کے مسائل اور ان کا حل، عنوان: جماعت کی صف بندی ۳/۴۰۷-۴۰۸“ وغیرہ کتب کا مطالعہ کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند