• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 18668

    عنوان:

    خواب میں مسجد کو روتے دیکھنا

    سوال:

    میرا نام انور ہے اور میں پونہ، مہاراشٹر کے بوپڑی علاقہ میں رہتا ہوں، ہمارے علاقہ میں ایک مسجد ہے جہاں پر روز پچاس سے ساٹھ لوگ نماز پڑھتے ہیں۔ پر تین چار مہینہ پہلے میں نے ایک خواب دیکھا جس میں ہماری مسجد کو روتے دیکھا ،اور وہ مجھ سے کچھ کہہ رہی تھی پر میں وہ بھول گیا ہوں کہ کیا کہہ رہی تھی، اور اسی خواب میں دوسرے دن مسجد کو روتے نہیں دیکھا اور کافی ساری بات چیت ہوئی پر مجھے وہ الفاظ یاد نہیں ہیں ۔کیا آپ بتاسکتے ہیں کہ اس کا کیا مطلب ہوگا؟

    جواب نمبر: 18668

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 96=92-2/1431

     

    آپ کا خواب بڑا اہمیت کا حامل ہے، تعبیر یہ ہے کہ عبادات بالخصوص نماز میں خشوع خضوع تقریباً ختم ہوگیا ہے اور آداب واحترام مسجد کی سطح بہت گھٹ گئی ہے، رہی سہی کسر موبائل او ران کی گھنٹیوں نے پوری کردی ہے یعنی حرام اور شرکیہ گھنٹیاں مسلمان موبائلوں میں بھرواتے ہیں اور بسا اوقات وہ مسجد میں بجنے لگتی ہیں اور ان جیسے امور سے نہ صرف نمازیوں کو بلکہ معصوم مخلوق فرشتوں کو سخت تکلیف ہوتی ہے، مسجد کا احترام فنا ہوجاتا ہے بلکہ سخت بے ادبی لازم آتی ہے، جو علاماتِ قیامت کی اہم نشانیوں میں سے ہے، اللہ پاک ہم سب کی حفاظت فرمائے، مسجد کا ادب واحترام پوری طرح ملحوظ رکھنے کی توفیق بخشے، آمین۔

    نوٹ: [آداب مسجد] حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمہ اللہ کی کتاب ہے، اس کا کثرت سے مطالعہ کرنا اور سننا سنانا بھی ان شاء اللہ بہت مفید ہوگا، کبھی کبھی مناسب مواقع سے توجہ دلاتے رہیں کہ مسجد میں داخل ہونے سے پہلے ہی دروازہ پر موبائل بند کرلیا کریں اور مسلمانوں کے موبائل میں بیل یعنی گھنٹی سیدھی سادھی ہوا کرے، یعنی نہ اس میں گانا اور شرکیہ مضمون ہو اور نہ ہی اذان قرأت وتقریر ہو۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند