• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 159810

    عنوان: مسجد کے خارجی حصہ سے مراد کیا ہے؟

    سوال: مسجد کے خارجی حصے سے کیا مراد ہے؟ اور کسی بھی مسجد کے خارجی حصے کے بارے میں کیسے پتا لگائیں گے؟

    جواب نمبر: 159810

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:845-803/L=7/1439

    مسجد شرعی مسجد کا وہ حصہ ہوتا ہے جو نماز پڑھنے کے لیے مقرر کیا گیا ہو اور نماز کے سوا اس سے کچھ اور مقصود نہ ہو، یعنی مسجد کا اندرونی حصہ برآمدہ اور صحن، اس کو یوں بھی سمجھ سکتے ہیں کہ مسجد میں جس جگہ آپ وضو نہیں کرسکتے، جنابت کی حالت میں وہاں نہیں جاسکتے، وہ جگہ مراد ہے، عموماً جہاں تک مسجد کا صحن کہلاتا ہے، وہاں تک مسجد کی حد ہوا کرتی ہے، واضح رہے کہ مسجد کے مسجد ہونے میں بانیٴ مسجد کی نیت کا اعتبار ہوگا، اور اگر بانی نہ ہو تو قرائنِ عرفیہ کا اعتبار ہوگا۔ امداد الفتاوی میں ہے:

    ”شرعی مسجد یا حدِ مسجد وہ ہے، جہاں جماعت ہوتی ہے، اور جنبی کا رہنا اور آنا جانا ممنوع وناجائز ہوتا ہے، عموما اس کے تین حصے ہوتے ہیں: (۱) اندر کا مسقّف حصہ (۲) باہر کا دالان یعنی سہ دری (۳) باہر کا غیر مسقف حصہ، جس میں عموماً گرمی میں جماعت ہوتی ہے، چھت کا نہ ہونا، اسے مسجد ہونے سے خارج نہیں کرتا، یہ تینوں عین مسجد ہیں۔ (امداد افتاوی: ۲/ ۶۴۰، بحوالہ آداب الاعتکاف: ۷۶)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند