• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 154386

    عنوان: مسجد كے كسی حصہ میں كھانا وغیرہ بنانا كیسا ہے؟

    سوال: حضرت، ایک ایسی مسجد جس میں حرم سے دور بالائی منزلہ پر اللہ کے راستے میں چلنے والی جماعتوں کا کھانا بنانے کے لیے پہلے سے ایک کونے میں جگہ مختص ہے، اللہ کے راستے میں چلنے والے لوگ وہاں کھانا پکاتے ہیں، کھاتے ہیں، نیز بالائی منزلے پر ہی سوتے ہیں۔ تو اللہ کے راستے میں چلنے والی جماعتوں کے لیے اعتکاف کی نیت کرکے مسجد کے اس حصے میں درج بالا کام کرنے میں کیا کوئی حرج ہے؟ برائے مہربانی شرعی روشنی میں سوال کا جواب ارشاد فرمائیں۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 154386

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1518-1426/B=1/1439

    مسجد کے حدود میں یعنی جہاں تک نماز پڑھنے پڑھانے کے لیے مسجد کا حصہ نیچے یا اوپر بنایا گیا ہے وہ شرعاً مسجد ہے۔ مسجد کا احترام کرنا ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے۔ ایسی جگہ کے کسی کونے میں جماعت والوں کے لیے کھانا بنانا جائز نہیں، مسجد نیچے تحت الثریٰ تک اور اوپر آسمان تک مسجد ہوتی ہے اس کا احترام بہرحال ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے۔ مسجد کے حصہ میں کھانا پکانا خواہ اعتکاف کی نیت کرکے ہو مسجد کے آداب کے خلاف ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند