• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 153448

    عنوان: فرشتے جب گھر میں تصویر کی وجہ سے داخل نہیں ہوتے تو جس مسجد میں بچے آئی كارڈ لگاكر پڑھتے ہوں اس میں كیسے داخل ہوں گے؟

    سوال: میں نے ایک حدیث پڑھی تھی کہ دو تین دن حضرت جبرئیل علیہ السلام وحی لے کر نہیں آئے تو اللہ کے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پریشان ہوگئے․․․․ ایک دن حضرت جبرئیل علیہ السلام سے پوچھا کہ کیا بات ہوگئی کہ آپ وحی لے کر نہیں آئے تو حضرت جبرئیل علیہ السلام نے کہا کہ آپ کے دروازے پر تصویر لگی ہوئی تھی، ہم فرشتے جس گھر میں تصویر ہو اس گھر میں داخل نہیں ہوتے۔ فرشتے جب گھر میں تصویر کی وجہ سے داخل نہیں ہوتے تو وہ مسجد میں کیسے داخل ہوں گے۔ اس پر تفصیل سے جواب چاہئے کہ مسجد میں مغرب سے عشاء تک جو مکتب چلتا ہے اس میں آئی کارڈ (شناخت نامہ) پر تصویر (فوٹو) ہوتی ہے اور بچے گلے میں لٹکا کر عربی پڑھتے ہیں۔

    جواب نمبر: 153448

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1237-1207/N=11/1438

    مکتب میں جو بچے پڑھنے آتے ہیں، وہ بہت مختصر تعداد میں ہوتے ہیں، ان کے اساتذہ انھیں اچھی طرح جانتے، پہنچانتے ہیں؛ اس لیے مکتب کے بچوں کے لیے (باتصویر )آئی کارڈ بے ضرورت، محض اسکول والوں کی نقالی اور فیشن کی چیز ہے اور شریعت میں بلا ضرورت شرعیہ تصویر کھینچنا اور کھینچوانا ناجائز وحرام ہے؛ اس لیے مکتب والوں کا بچوں کے لیے (باتصویر) آئی کارڈ بنوانا ہی جائز نہیں۔ اور پھر بچوں کو مسجد میں آئی کارڈ گلے میں لٹکاکر کھلی تصویر کے ساتھ بلانا مزید گناہ کا کام ہے، تصویر کی جگہ فرشتے نہیں جاتے اور مسجد رحمت کے فرشتوں کی جگہ ہے ، وہاں کھلی تصویر کے ساتھ آنا فرشتوں کے لئے سخت اذیت اور تکلیف کی چیز ہے، اور یہ بھی محض اسکول والوں کی نقالی ہے، دینی مکتب والوں کو اسکول والوں کی نقالی سے بچنا چاہیے، اللہ تعالی حفاظت فرمائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند