• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 148482

    عنوان: زیر زمین دُکانوں (جو کسی کی ملکیت ہو) پرمسجد کا اگلا حصہ تعمیر کرنا

    سوال: جب ہمارے محلے کی جامع مسجد کی دوبارہ تعمیروتوسیع کی جارہی تھی ، تو ایک صاحب نے قبلہ کی طرف سے اپنی زیر زمین دکانوں کی چھت پر مسجد کو وسعت دی ۔ اب مذکورہ دکانیں کسی اور پر فروخت کی گئی ہیں ۔ قبلہ کی طرف سے ایک صف تک کی جگہ مذکورہ دکانوں کے اوپر ہے اور اس کے پیچھے صفیں پرانی مسجد کی زمین پر واقع ہیں ۔ ایسی مسجد میں نماز باجماعت کا کیا حکم ہے ؟ کیونکہ ہم نے سنا ہے کہ مسجد کی زمین پر اوپر نیچے کسی کا قبضہ نہیں ہونا چاہئے ؟

    جواب نمبر: 148482

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 408-412/Sd=6/1438

    کسی جگہ کے مسجد شرعی بننے کے لیے ضروری ہے کہ وہ نیچے سے اوپر تک مکمل مسجد کی ملک ہو، اگر نیچے کا حصہ دوسرے کی ملک ہے ، تو اوپر کا حصہ مسجد کو دینے سے وہ مسجد شرعی نہیں بنے گا، لہذا صورت مسئولہ میں عام حالات میں نماز کی صفیں مسجد شرعی ہی کے حصے سے شروع کی جائیں؛ البتہ اگر کبھی مصلیوں کی تعداد زیادہ ہو جائے اور قبلہ کی طرف والے حصہ کے علاوہ مسجد کے کسی اور حصے میں صفیں لگانے کی گنجائش نہ ہو، تو ایسی مجبوری کی صورت میں مذکورہ دکانوں کے اوپر بھی پہلی صف لگانے کی گنجائش ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند