• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 61818

    عنوان: حفظ کی حالت میں بیٹھنا

    سوال: عرض ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کو حفظ کرنے کے لئے ایک مدرسے میں داخل کروایا ہے ۔ مدرسے میں تمام بچوں کو تما م دن ایک ہی حالت میں بٹھاتے ہیں جس میں دائیں پاوں کا ٹخنہ زمین سے ٹکراتا ہے اور سارے بدن کا زور اُٹھاتا ہے ۔میرا بچہ اس حالت میں بیٹھا تو اس کے ٹخنے میں زخم ہو گیا۔ مدرسے والے کہتے ہیں کہ اسی پوزیشن میں بیٹھنا ضروری ہے ۔ میرا سوال یہ ہے کہ کیا اس سلسلے میں قرآن و حدیث میں کوئی واضح ہدایت موجود ہیں اورکیا اس حالت میں بیٹھنا ضروری ہے اور کیا اس حالت کہ علاوہ کوئی ایسی بیٹھنے کی صورت ہے جس میں بیٹھ کر قرآن مجید حفظ کیا جا سکتا ہے ۔ براہ مہربانی راہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 61818

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 822-822/Sd=1/1437-U حفظ قرآن کے لیے ایک ہی حالت میں بیٹھنا ضروری نہیں ہے؛ البتہ قرآن کریم کا ادب و احترام ضروری ہے، مدرسوں میں عموماً بچوں کو ایک ہی حالت پر بیٹھنے کو لازم قرار نہیں دیا جاتا، ہاں بچوں کو ایسی ہیئت سے بیٹھنے پر زور دیا جاتا ہے جس میں قرآن پاک کا ادب اور اُس کی عظمت زیادہ ظاہر ہو اور اُس حالت میں سستی، کاہلی اور نیند وغیرہ نہ آئے تاکہ بچہ بشاشت اور پوری توجہ کے ساتھ قرآن پاک یاد کر سکے، صورتِ مسئولہ میں اگر مذکورہ مدرسے میں واقعی بچوں پر ایک ہی ہیئت پر بیٹھنا لازم ہے، دوسری ہیئت پر بیٹھنے کی بالکل اجازت نہیں ہے اور ایک ہی ہیئت پر بیٹھتے بیٹھتے آپ کے بچے کے ٹخنے میں زخم ہو گیا ہے، تو آپ مدرسہ کے ذمہ داران کو اس کی اطلاع کریں، وہ ان شاء اللہ آپ کے بچے کے لیے دوسری ہیئت پر بیٹھنے کی جس میں سہولت و آسانی ہو اجازت دیدیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند