• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 610308

    عنوان:

    موبائل پر قرآن سننے كی صورت میں دوسرے لوگوں كا بات چیت كرنا

    سوال:

    سوال : اگر کوئی شخص اپنی فیملی میں موبائل پر قرآن کی تلاوت سنتا ہے لیکن باقی لوگ اپنی باتیں کرتے رہتے ہیں تو کیا وہ لوگ گناہ گار ہیں یا موبائل پر قرآن سننے والا وضاحت فرمائیں۔ آپ کی مہربانی ہوگی؟

    جواب نمبر: 610308

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 851-645/D=08/1443

     تلاوتِ قرآن خواہ براہِ راست سنی جائے یا موبائل میں‏، بہرصورت اس كا ادب و احترام ضروری ہے؛ البتہ عام حالات میں كان لگاكر سننا ان ہی مواقع میں ضروری اور واجب ہے جہاں سب تلاوتِ قرآن سننے كے مقصد سے ہی جمع ہوئے ہوں‏، ایسی صورت میں اگر كوئی شخص بجائے سننے كے بات چیت كرتا ہے تو وہ گنہگار ہوگا‏، ہاں اگر كوئی بطور خود تلاوت كررہا ہو یا سن رہا ہو تو دوسروں پر كان لگاكر سننا واجب تو نہیں‏، لیكن ادب و احترام كا تقاضا یہ ہے كہ اس موقع پر بھی خاموشی اختیار كرے یا كم از كم پست آواز میں بات چیت كرے‏، اس لیے كہ بعض علماء كے نزدیك اس صورت میں بھی خاموش رہ كر سننا واجب ہے؛ اسی لیے ایسے مواقع میں جہاں لوگ كام كاج یا بات چیت میں مصروف ہوں وہاں زور سے تلاوت كرنا یا ویلیوم بڑھاكر سننا مناسب نہیں ہے۔ (تفصیل كے لیے دیكھئے: معارف القرآن: 4/163‏، قدیم)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند