عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم
سوال نمبر: 610194
سورہٴ حج میں دوسرا سجدہ حنفیہ کیوں نہیں مانتے؟
سوال : ابو داؤد 1402 میں حدیث ہے جس کے مطابق قرآن میں 15 سجدے ہیں۔ حنفی اس حدیث کو نظرانداز کیوں کرتے ہیں؟
جواب نمبر: 610194
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa: 843-633/D=08/1443
حنفیہ نے اس حدیث كو نظرانداز نہیں كیا ہے؛ البتہ حنفیہ سورہٴ حج میں دوسرے سجدے كو سجدہٴ تلاوت كے بجائے سجدہٴ صلاۃ مانتے ہیں، اس كی وجہ یہ ہے كہ سورہٴ حج كے دوسرے سجدے كے سلسلے میں آثار متعارض ہیں، ایسی صورت میں قیاس جو كہ حجت شرعیہ ہے حنفیہ نے اس كی طرف رجوع كیا ہے، كیوں كہ قرآن میں سجدے كے ساتھ ركوع كا تذكرہ نماز كی تعبیر كے واسطے استعمال ہوا ہے جیسے "فاسجدي واركعى" اس لیے آیت "ياايها الذين آمنوا اركعوا واسجدوا الخ" سے پہلے صریح اشارہ ہے كہ یہ خالص سجدہ نہیں بلكہ اس سے سجدہٴ صلاۃ مراد ہے، لہٰذا روایت میں "في الحج سجدتان" سے پہلے سجدہٴ تلاوت اور دوسرے سے سجدہٴ صلاۃ مراد ہے۔ (تفصیل كے لیے دیكھیے: اعلاء السنن: 7/241)
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند