• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 609539

    عنوان:

    کیا موبائل اسکرین پر قرآن پڑھتے ہوئے ماؤس یا بٹن سے ورق پلٹنا چھونے کے زمرے میں آتا ہے؟

    سوال:

    سوال : موبائل کی سکرین پر قرآن پڑھنے کا تو پہلے سے پوچھے گئے سوالات سے تفصیلاً معلوم ہوچکا کہ اس کا حکم کتابی شکل میں قرآن جیسا ہی ہے کہ اس کے لیے وضو کرنا لازم ہے ۔ حضور والا اس بابت کچھ ابہام اور بھی دور فرما دیجئے ۔ 1۔ ا اگر ہم سکرین کو ہاتھ لگائے بغیر مثلا بٹن یا کسی اور چیز سے موبائل میں قرآن پاک کے صفحات تبدیل کرتے رہیں تو کیا وضو لازم ہوگا؟

    2۔ اگر کوئی کمپیوٹر سکرین پرقرآن کھول کرپڑھے تو کیا کمپیوٹر کا ماوس سے کام کرنا ہاتھ سے چھنے کے زمرے میں آئے گا تو کیا اس کے لیے وضو لازم ہے ؟

    3۔ کیا قرآن پاک کی تفسیر کو چھونے اور پڑھنے کا حکم بھی قرآن پاک جیسا ہی ہے کیوں کہ اس میں بھی آیات لکھی ہوئی ہوتی ہیں تو کیا وضو کرنا لازم ہے ؟

    4۔ اگر رات کو ہم سو رہے ہوں اکثر نیند نہ آنے کی وجہ سے قرآن پاک تلاوت (بجائے کوئی میوزک یا اور چیز سننے کے ) صرف آڈیو میں چلا دیتے ہیں کہ بالکل خاموشی میں سکون سا محوس ہو تو کیا بغیر وضو اور لیٹنے کی حالت میں ایسا سننا درست ہے ؟

    جواب نمبر: 609539

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 806-679/B=06/1443

     اگر آپ اسکرین پر قرآن پاک کی تلاوت کرتے ہیں تو اسکرین چھونے کے لیے اور ورق الٹنے کے لیے اسکرین کو بلاوضو ہاتھ لگانا نہیں چاہئے۔ لیکن اگر آپ اسکرین کو ہاتھ نہ لگائیں بلکہ ماوٴس یا بٹن کے ذریعہ اسکرین کا ورق الٹ لیں تو بلاوضو ایسا کرنے کی اجازت ہے، وضو ضروری نہیں ہے۔

    (۳) اگر تفسیر کے حروف و کلمات اگر اصل قرآن سے زیادہ ہیں تو ایسی تفسیر کو بلاوضو چھو سکتے ہیں؛ البتہ جس جگہ آیات لکھی ہوئی ہیں اس جگہ پر بلاوضو ہاتھ ٹچ نہ ہونا چاہئے۔

    (۴) سوتے وقت آڈیو میں قرآن بلاضو سن سکتے ہیں۔ قرآن سننے کے لیے وضو کا ہونا ضروری نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند