• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 608909

    عنوان:

    قرآن کو صرف اس لیے نہ ماننا کہ اس پر مصنف کا نام نہیں

    سوال:

    سوال : حضرت میرا یہ سوال ہے کہ ایک شخص کہ رہا تھا کہ ہم قرآن کو نہیں مانتے ، اس لئے اس میں مصنّف کا نام نہیں ہے ؟ ہمیں تسلّی بخش جواب دے کر شکریہ کا موقع دیں۔

    جواب نمبر: 608909

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 731-601/B=06/1443

     اللہ تعالی نے ہر بڑے رسول پر کتاب نازل فرمائی۔ ہمارے آخری رسول حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر بطور معجزہ قرآن نازل فرمایا۔ اس کی پیش گوئی پہلے بھی ہوچکی تھی۔ تیئس (23) سال تک حسب ضرورت نازل ہوا۔ اس کی عام شہرت ہوئی۔ اللہ کی کتاب کا انکار کرنے والوں سے جب قرآن بناکر لانے کا چیلنج کیا تو پھر کوئی بھی قرآن بناکر نہیں لاسکا۔ آخیر میں دشمنان اسلام نے بھی اعتراف کیا کہ یہ انسان کا کلام نہیں ہے۔ یہ اللہ کا کلام ہے۔ یہ اس درجہ مشہور و معروف ہے کہ بیان کا محتاج نہیں۔ ایسی کثیر الشہیر کتاب اللہ کے ٹائٹل پر مصنف کا نام لکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔

    جو شخص قرآن کو نہیں مانتا اس سے اس کی کیا مراد ہے۔ کیا وہ اللہ کا کلام قرآن کو نہیں مانتا ہے، یا اور کوئی مطلب ہے۔ جو شخص قرآن کو نہیں مانتا ہے اس کے قلم اور دستخط سے پوری تفصیل آنی چاہئے۔ اگر اللہ کا کلام نہیں مانتا ہے تو پھر کس کا کلام مانتا ہے تفصیل سے لکھ کر دوبارہ سوال بھیجیں، اس کے بعد جواب تحریر کیا جائے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند