• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 601854

    عنوان: سورہ فاتحہ میں سات آیات کس طرح ہیں؟ 

    سوال:

    علماء ہیں کہ سورت فاتحہ میں سات آیتیں ہیں لیکن اس میں چھ ہے، رہنمائی کریں۔ شکریہ

    جواب نمبر: 601854

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:368-294/sn=5/1442

     سورہ فاتحہ میں بالاتفاق سات آیات ہیں؛ البتہ محل کی تحدید میں اہل علم کے درمیان کسی قدر اختلاف ہے ، بعض علما ء“صراط الذین انعمت علیہم” کوبھی ایک آیت شمار کرتے ہیں ؛جب کہ دیگر بعض حضرات یہاں آیت نہیں مانتے ؛ بلکہ وہ بسم اللہ الرحمن الرحیم کو سورہ فاتحہ کی ایک آیت مانتے ہیں، اِن حضرات کے نزدیک سورہ فاتحہ میں بہ شمول بسم اللہ الرحمن الرحیم سات آیتیں ہیں۔ واضح رہے کہ قرآن کریم کے نسخوں میں آیات کی جو علامات موجود ہیں، وہ دور نبوی اور اور دور صحابہ وغیرہ میں نہ تھیں ، یہ بعد میں لگائی گئی ہیں۔(علوم القرآنص:198، مطبوعہ: مکتبہ دارالعلوم کراچی) اور جن صاحب نے آیتوں کی علامات لگائی ہیں انھوں نے ان علما کی رائے کو سامنے رکھا ہے جو “انعمت علیہم”کے بعد آیت تسلیم نہیں کرتے ہیں ؛ البتہ انھوں نے اس مختلف فیہ مقام پر (5) کی عدد لکھ کر اختلاف کی طرف اشارہ کردیا ہے ، قرآن پاک کے بعض مروجہ نسخوں کے اخیر میں رموزِ اوقاف کی تفصیلات پر مشتمل جو صفحات لگے ہیں ،ان میں اس علامت کی تشریح یہی کی گئی ہے کہ یہاں غیر کوفیین کے نزدیک آیت ہے ۔

    ....ولقد آتیناک سبعا من المثانی والقرآن العظیم (الحجر: 87) الآیة وسمیت السبع لأنہا سبع آیات بالاتفاق علی خلاف بین الکوفی والبصری فی بعض الآیات إلخ (مرقاة المفاتیح شرح مشکاة المصابیح 4/ 1459، کتاب فضائل القرآن)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند