• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 601345

    عنوان:

    جب اللہ تعالیٰ نے آپ كی حفاظت كا ذمہ لے لیا تھا تو پھر زہرآلود گوشت كیسے دیا جاسكا؟

    سوال:

    قرآن میں اللہ تعالی نے اپنے رسول محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حفاظت کا ذمہ لیا جبکہ احادیث کی کتب میں آتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ الہ وسلم کی موت کی وجہ وہ زہر آلود گوشت تھا جو یہودی عورت زینب نے فتح خیبر کے وقت دیا تھا تھا اور یہ زہر آخر میں آپ صلی اللہ علیہ الہ وسلم کی رگیں کاٹ رہا تھا۔

    جواب نمبر: 601345

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:237-236/N=5/1442

     آیت کریمہ: ﴿واللّٰہ یعصمک من الناس﴾ میں اللہ تعالی نے حضور صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی عصمت (حفاظت) کا جو وعدہ فرمایا ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ تبلیغ رسالت کی تکمیل سے پہلے دشمنان اسلام آپ کو جان سے ختم نہیں کرسکتے؛ لہٰذا بلا خوف وخطر تبلیغ رسالت کا فریضہ انجام دیں اور کسی کے ڈر یا خوف میں کوئی پیغام خداوندی نہ چھپائیں؛ چناں چہ آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ایسا ہی کیا اور اللہ تعالی نے آپ کی حفاظت فرمائی ، یہاں تک سورہ مائدہ کی مشہور آیت کریمہ: ﴿الیوم أکملت لکم دینکم وأتممت علیکم نعمتي إلخ﴾ نازل ہوگئی اور آپ نے حجة الوداع کے موقعہ پر تبلیغ رسالت کے فریضہ کی انجام دہی پر لوگوں کو گواہ بھی بنایا۔ اور آپ کی وفات در اصل درد سر اور بخار کی شدت سے ہوئی، جس کا ایک سبب خیبر کا زہر تھا؛ لیکن وہ براہ راست بنیادی سبب نہیں تھا، نیز آپ تبلیغ رسالت کے فریضہ کی انجام دہی سے فارغ ہوچکے تھے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند