• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 601282

    عنوان: كیا حاشیۃ الصاوی مستند تفسیر ہے؟

    سوال:

    کیا فرماتے ہیں علمائے دین حاشیةالصاوی کے بارے میں جوکہ علامہ احمد الصاوی المالکی رحمةاللہ علیہ کی تصنیف ہے جلالین شریف کی شرح میں،سناہے کہ اس تفسیر میں وہابیت کے بارے میں بہت کچھ لکھاہواہے ،اور وہ تفسیر کس درجہ کی ہے ،اور شیخِ موصوف اھل سنت والجماعت میں سے ہے یا نہیں؟

    جواب نمبر: 601282

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 252-188/SN=04/1442

     علامہ صاوی مشہور مالکی عالم ہیں، وہ اہل السنة والجماعت میں سے ہیں، ان کا حاشیہ درحقیقت ان کے استاذ کی شرح ”الفتوحات الالھیة“ کی تلخیص ہے، حاشیة الصاوی میں تفسیری فوائد تو اچھے ہیں؛ البتہ اس میں اسرائیلی روایات کی کثرت ہے؛ اس لیے اس میں ذکر کردہ قصص و واقعات وغیرہ کو دیگر معتبر کتابوں سے مقارنہ، اور ان کی اسناد کی تحقیق کے بعد ہی لینا چاہئے، اس کے بغیر انھیں بیان کرنے سے احتراز کرنا چاہئے۔ علامہ صاوَیْ کی زندگی اور ان کے تصنیفی و تدریسی خدمات پر مستقل تصنیفیں بھی ہیں نیز دکتور عبد الفتاح البزم نے کتاب ”شرح الصاوی علی جوہرة التوحید“ کے ”مقدمہٴ تحقیق“ میں بھی ان سے متعلق اچھی خاصی تفصیلات ذکر کی ہیں۔

    نوٹ:۔ آپ نے سوال میں جو ”وہابیت“ کا ذکر کیا ہے، اس کا کیا مطلب ہے؟ نیز آپ کو کس نے بتلایا کہ اس حاشیے (حاشیة الصاوی) میں ”وہابیت“ پر بہت کچھ لکھا ہوا ہے؟ ان امور کی تفصیل لکھنے پر اس سلسلے میں بھی کچھ تحریر کیا جاسکتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند