• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 58912

    عنوان: آڈیو سی ڈی ٹیپ وغیرہ پر قرآن سننا

    سوال: آڈیو، سی ڈ ی ، ٹیپ وغیرہ میں قرآن کریم کو سننے سے نیز مشہور مولانا جیسے مفتی تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل ، مولانا سعد وغیرہم (رحمہم اللہ)کے ریکارڈ شدہ مختلف اسلامی موضوعات پر تقریر سننے سے ثواب ملے گا؟ ہمارے شہر کے ایک مفتی صاحب نے کہاہے کہ مذکورہ بالا ذرائع سے قرآن سننے یا تقر یر سننے سے ثواب نہیں ملے گا۔ یہ بات مجھے سمجھ نہیں آئی ، کیوں کہ مجھے ذاتی طورپر مفتی تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل ، مولانا سعد وغیرہم (رحمہم اللہ ) کے بیانات سننے فائدہ ہوا ہے۔ براہ کرم، مستند حوالے سے وضاحت فرمائیں، نوازش ہوگی۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 58912

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 535-530/N=7/1436-U اگر کوئی شخص آڈیو سی ڈی یا ٹیپ ریکارڈ وغیرہ کے ذریعہ قرآن کریم کی تلاوت خاموشی اور توجہ اور دیگر آداب کی رعایت کے ساتھ سنے گا تو اس پر ان شاء اللہ اسے ثواب ملے گا، اس کا یہ عمل ضائع نہ ہوگا (جدید فقہی مسائل ۱:۱۱۶ مطبوعہ زم زم پبلشرز کراچی، کتاب النوازل ۲: ۲۹)، اسی طرح مستند ومعتبر علمائے کرام کے اصلاحی بیانات اور مواعظ عمل کی نیت سے اخلاص اور توجہ کے ساتھ سننا بھی مفید ہے، اور اچھی نیت کی صورت میں اس پر بھی ان شاء اللہ اجر وثواب ملے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند