• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 57322

    عنوان: قرآن كریم كی بغیر دیكھے تلاوت كرنا

    سوال: میں روزانہ قرآن کی تلاوت کرتاہوں۔ لیکن کبھی کبھی اپنے مصروف نظام الاوقات کی وجہ سے کئی ہفتوں تک قرآن نہیں پڑھ پاتاہوں لیکن اپنے روزانہ کے معمول میں اپنی آفس جاتے وقت میں سورہ یسین اور سورہ مزمل پڑھتا ہوں کیوں کہ میں نے ان کو بچپن میں ہی حفظ کرلیا تھا۔ تو کیا یہ گناہ ہے جو میں قرآن کھول کر نہیں پڑھ رہا ہوں؟ کیا آفس جاتے وقت قرآن کی تلاوت کرنے سے تلاوت کا حق ادا ہوجاتا ہے؟

    جواب نمبر: 57322

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 295-295/M=3/1436-U

    کبھی مصروفیت زیادہ ہونے کی وجہ سے قرآن پاک کھول کر تلاوت کا وقت نہیں مل پاتا ہے تو بغیر کھولے جو سورہ یاد ہے اسی کی تلاوت کرلیا کریں تاکہ معمول برقرار رہے، تلاوت کے لیے قرآن دیکھ کر پڑھنا ضروری نہیں، حفظ یاد ہو اس کو پڑھ لینے سے بھی تلاوت کا ثواب حاصل ہوجاتا ہے، اور تلاوت کے لیے کوئی وقت خاص نہیں ہے، آپ کو جب وقت فارغ ملے اس وقت کرسکتے ہیں، آفس جاتے وقت تلاوت کرسکتے ہیں، آداب تلاوت کی جتنی زیادہ رعایت ہوسکے اتنا ہی بہتر ہے، دیکھ کر تلاوت کرنے سے تدبر زیادہ حاصل ہوتا ہے لیکن بغیر دیکھے تلاوت کا بھی پورا ثواب ملتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند