• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 51618

    عنوان: لیپ ٹاپ میں قرآن كریم كی تلاوت كرنا

    سوال: میں نے قرآن کی تلاوت اور اسلامی کتابوں کے پڑھنے کے لیے ایک ٹیبلیٹ(لیپ ٹاپ) خریدا ہے، اس ٹیبلیٹ کو اس مقصد کے لیے استعمال کرسکتے ہیں؟کیا اس ٹبیلیٹ کا اہتمام اسی طرح کرنا ہوگا جس طرح قرآن اور اسلامی کتابوں کا کیا جاتاہے؟کیا بغیر وضو یا ناپاکی کی حالت میں اسے چھوا جاسکتاہے؟براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 51618

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 688-704/N=6/1435-U (۱) جی ہاں! قرآن پاک کی تلاوت اور اسلامی کتابوں کے پڑھنے کے لیے ٹیبلیٹ استعمال کرسکتے ہیں، بلاشبہ جائز ہے، البتہ اس میں اسلامی اور دینی کتابوں کے ساتھ گندی وناجائز چیزیں ہرگز نہ رکھی جائیں؛ کیوں کہ یہ ناجائز ہے اوراس میں دینی کتابوں کی بے احترامی بھی ہے۔ (۲) جب ٹیبلیٹ میں قرآن کریم اور دینی کتابیں ہیں تو بہرحال اس کا ادب واحترام کرنا چاہیے بالخصوص جب قرآن پاک یا کوئی دینی کتاب اسکرین پر کھلی ہوئی ہو۔ (۳) اگر قرآن کریم اسکرین پر کھلا ہوا ہو تو بلا وضو یا ناپاکی کی حالت میں اسکرین پر ہاتھ لگانا یا ٹیبلیٹ کو چھونا جائز نہ ہوگا اور اگر اسکرین پر قرآن کریم کھلا ہوا نہ ہو؛ بلکہ کوئی دینی کتاب ہو یا اسکرین پر کچھ نہ ہو تو بلا وضو یا ناپاکی کی حالت میں اسے چھوسکتے ہیں، البتہ بہتر نہیں۔ اور اگر اسکرین پر کھلی ہوئی کتاب میں کوئی قرآنی آیت ہے تو بلاوضو یا ناپاکی کی حالت میں اس آیت پر ہاتھ لگانا جائز نہ ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند