• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 179764

    عنوان:

    ایک آیتِ سجدہ بار بار دہرائے تو كتنے سجدے واجب ہوں گے؟

    سوال:

    محترم علماء کرام ۔ میرا سوال یہ ہے کہ حفظِ قرآن کے دوران اگر ایک طالبِ علم با ر بار سجدہٴ تلاوت کی دہرائی کرتا ہے ، چاہے وہ ایک نشست میں ہو یا اُٹھتے بیٹھتے کرتا ہو تو اُس کے لئے کتنے سجود کا حکم ہو گا؟ آپ کے جواب کا منتظر رہوں گا۔

    جواب نمبر: 179764

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:11-22/SD=1/1442

     اگر طالب علم نابالغ ہے ، تو اس پر کوئی سجدہ واجب نہیں ہوگا اور اگر بالغ ہے ، تو ایک مجلس میں ایک آیت سجدہ بار بار دہرانے سے ایک ہی سجدہ واجب ہوگا، جس میں بہتر یہ ہے کہ پہلی بار آیت سجدہ تلاوت کرنے کے بعد ہی سجدہ کرلیا جائے ، اس کے بعد ایک ہی مجلس میں مکرر پڑھنے سے مزید کوئی سجدہ واجب نہیں ہوگا؛ بلکہ دوسرا سجدہ کرنا مندوب بھی نہیں ہے اور بیٹھنے کے بعد محض اٹھنے اور کھڑے ہونے سے مجلس نہیں بدلتی ہے۔ اور اگر مجلس بدل گئی تو دوسری مجلس میں آیت سجدہ تلاوت کرنے سے دوسرا سجدہ بھی واجب ہوجائے گا۔

    قال الحصکفی: (ولو کررہا فی مجلسین تکررت وفی مجلس) واحد (لا) تتکرر بل کفتہ واحدة۔ وفعلہا بعد الأولی أولی قنیة۔ قال ابن عابدین: بخلاف ما إذا طال جلوسہ أو قرائتہ أو سبح أو ہلل أو أکل لقمة أو شرب شربة أو نام قاعدا أو کان جالسا فقام أو مشی خطوتین أو ثلاثا علی الخلاف أو کان قائما فقعد أو نازلا فرکب فی مکانہ فلا تتکرر حلیة ملخصا (قولہ بل کفتہ واحدة) ولا یندب تکرارہا۔ ( رد المحتار: ۵۹۰/۲، زکریا، دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند