• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 174214

    عنوان: ۳/ بار سورہ اخلاص پڑھنے كی فضیلت ایک ساتھ پڑھنے کی صورت میں ہے یا الگ الگ اوقات میں بھی؟ اگر الگ الگ نمازوں میں تین مرتبہ سورہ اخلاص پڑھی جائے تو ایک قرآن کا ثواب ملے گا یا نہیں؟

    سوال: امید ہے مزاج بخیر ہوں گے، مولانا میں یہ جاننا چاہ رہا تھا سورہ فلق کے تعلق سے کہ تین مرتبہ سورہ فلق پڑھنے کے بعد ایک قرآن مجید پڑھنے کا ثواب حاصل ہوتا ہے اس تعلق سے میرا پہلا سوال یہ ہے کہ کیا ایک وقت میں تین مرتبہ سورہ فلق پڑھنے سے ہی ایک قرآن مجید پڑھنے کا ثواب ملتا ہے یا الگ الگ وقت میں پڑھنے سے بھی یہ ثواب حاصل ہوتا ہے؟ دوسرا سوال یہ ہے کہ کیا الگ الگ نمازوں میں بھی سورہ فلق پڑھنے پر ایک قران مجید پڑھنے کا فائدہ حاصل ہوگا؟ برائے مہربانی جلد جواب سے مطمئین فرمائیں۔ شکریہ نیز مولانا میرے اور میرے خاندان بھائی بہنوں وسبھی جملہ رشتہ داروں نیز دوستوں کی صحت وعافیت نیز پریشانیوں سے بچنے کے لئے اور سبھی کے ایمان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی درخواست ہے۔ ساتھ ہی والد صاحب کی صحت اور والدہ محترمہ کی مغفرت کے ساتھ ساتھ دادا دادی نانا نانی نیذ تمام مرحومین کی مغفرت کے لئے خصوصی دعا کی بھی درخواست ہے۔

    جواب نمبر: 174214

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:154-130/N=3/1441

    (۱): تہائی قرآن کے ثواب کی فضیلت سورہ اخلاص کے بارے میں ہے نہ کہ سورہ فلق کے بارے میں، آپ نے سورہ فلق کا نام کہاں پڑھ لیا؟ بہر حال سورہ اخلاص فضیلت میں ایک تہائی قرآن کے برابر ہے؛ لہٰذا اگر کوئی شخص تین بار سورہ اخلاص پڑھے گا تو اُسے تین تہائی یعنی: ایک قرآن کا ثواب ملے گا۔ اور یہ فضلیت ایک وقت میں پڑھنے اور الگ الگ اوقات میں پڑھنے دونوں کو شامل ہے۔

    عن ابن عباس وأنس بن مالک رضي اللہ عنھم قالا: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: ”إذا زلزلت تعدل نصف القرآن وقل ھو اللہ أحد تعدل ثلث القرآن وقل یا أیھا الکفرون تعدل ربع القرآن“، رواہ الترمذي (مشکاة المصابیح، کتاب فضائل القرآن، ص: ۱۸۸، ط: المکتبة الأشرفیة، دیوبند)۔

    (۲): جی ہاں! اگر الگ الگ نمازوں میں سورہ اخلاص پڑھی جائے تو بھی ہر مرتبہ ایک تہائی قرآن کا ثواب ملے گا اور ۳/ تعداد پوری ہونے پر مکمل ایک قرآن کا ثواب ہوجائے گا۔

    (۳): اللہ تعالی آپ کے جملہ مقاصد حسنہ میں کام یابی عطا فرمائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند