• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 167614

    عنوان: موبائل فون وغیرہ میں قرآن کریم وغیرہ کے ساتھ گانا، فلم وغیرہ رکھنا

    سوال: میرا ایک سوال ہے کہ جو بہت عرصہ ذہن میں تھا۔ آج کل موبائل کا زمانہ ہے اور ہر کسی کے پاس موجود ہوتے ہیں اور زندگی کا ایک اہم حصہ ہے اس موبائل فون میں اگر کسی کے پاس فلمیں، موسیقی یا غیر اسلامی چیزیں موجود ہوں اسی طرح یو ایس بی اور میموری کارڈ بھی ہوتا ہے تو کیا اس موبائل فون کے ساتھ تلاوت قرآن پاک اور ذکر پڑھنا جائز ہے ؟ کیا اس موبائل فون کے ساتھ نماز قبول ہوتی ہے ؟ کیا مسجد میں لے جانا چاہیے ؟ جواب ضرور دیجئے ۔

    جواب نمبر: 167614

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:396-348/N=5/1440

    (۱- ۳): جو لوگ موبائل یا میموری کارڈ وغیرہ میں قرآن کریم یا دینی کتابیں رکھتے ہیں، ان پر ضروری ہے کہ وہ اپنے موبائل وغیرہ کو فلم، گانا، موسیقی اور جان دار کی تصاویر سے مکمل پاک وصاف رکھے؛ کیوں کہ جس موبائل میں قرآن پاک وغیرہ ہو، اس میں یہ سب چیزیں رکھنا قرآن کریم اور دینی کتابوں وغیرہ کے احترام کے خلاف ہے؛ بلکہ نیٹ کنیکٹ ہونے کی صورت میں موبائل میں غیر اختیاری طور پر جان دار کی تصویر کے ساتھ جو ایڈ آجاتے ہیں، وہ بھی جلد از جلد ڈلیٹ کردینے چاہیے۔ اسی طرح یوٹیوب سے جان دار کی تصویر والی کوئی ویڈیو بھی ڈاوٴن لوڈ نہ کی جائے، صرف آواز والی ڈاوٴن لوڈ کی جائے۔ اور جو لوگ اپنے موبائل فون وغیرہ میں قرآن کریم اور دینی کتابوں کے ساتھ فلمیں، گانے وغیرہ بھی رکھتے ہیں اور ایسے موبائل کے ساتھ مسجد بھی جاتے ہیں، وہ یقیناً غلط کرتے ہیں، انھیں ایسا ہرگز نہیں کرنا چاہیے اور اس کا انھیں گناہ بھی ہوگا؛البتہ وہ جو نمازیں پڑھتے ہیں، وہ ہوجاتی ہیں، انھیں لوٹانے کا حکم نہ ہوگا، اسی طرح موبائل کے قرآن کریم میں جو تلاوت کرتے ہیں، وہ بھی معتبر ہوگی اور اس پر ثواب بھی ملے گا، اسی طرح دینی کتابوں سے استفادہ بھی ہوسکتا ہے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند