• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 164218

    عنوان: گھریلو کام کاج کرتے ہوئے قرآن پاک کی تلاوت، نعت یا دینی اشعار وغیرہ سننے کا حکم

    سوال: کیا گھریلو کام کرتے وقت میں قرآن پاک کو موبائل یا ریکارڈر پر سننا یا نعت و اشعار کا سننا یا اسلامی بیانات کا سننا صحیح ہے؟

    جواب نمبر: 164218

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1236-1029/N=11/1439

    افضل وبہتر تو یہی ہے کہ قرآن کریم کی تلاوت ، نعت ودینی اشعار اور دینی ومعتبر بیانات کے وقت آدمی پورے طور پر فارغ ہوجائے اور ہمہ تن توجہ وانہماک کے ساتھ سنے ؛ کیوں کہ قرآن پاک کی تلاوت اور دینی بیانات وغیرہ کا کامل فائدہ توجہ وانہماک کے ساتھ سننے کی صورت ہی میں ہوتا ہے ؛ لیکن اگر کوئی شخص گھریلو کام کاج کے دوران اپنے آپ کو تلاوت وغیرہ کی طرف اچھی طرح متوجہ رکھ سکتا ہو تو گھریلو کام کاج کرتے ہوئے بھی تلاوت قرآن پاک ، نعت ودینی اشعار اور دینی ومعتبر بیانات سن سکتا ہے ۔ اور اگر ایسا نہ ہوسکے تو تلاوت وغیرہ کے ادب کا تقاضہ یہ ہے کہ فارغ اوقات میں یکسوئی کے ساتھ تلاوت وغیرہ سنی جائے اگرچہ صرف دس، پندرہ منٹ سنی جائے ۔ 


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند