• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 156353

    عنوان: حفظ قرآن کریم کا چھپانا

    سوال: (۱) میں قرآن کریم حفظ کرنا چاہتی ہوں لیکن میری والدہ نہیں چاہتیں،وہ دین یا دنیا کے کسی بھی معاملے میں مجھے آگے بڑھنے نہیں دیتیں۔میرے قاری صاحب ،جن سے بچپن میں قرآن پڑھا، نے بھی اس وقت مجھے حفظ شروع کروا دیا تھا اور 1 پارا اور 5 سورتیں ہو گئی تھیں،لیکن جب والدہ صاحبہ کو معلوم ہوا تو انہوں نے کوئی خوشی ظاہر نہ کی،اس کے بعد قاری صاحب کسی اور جگہ چلے گئے ،میں حفظ کی بات کروں تو وہ مخالفت کرتی ہیں، کیا میرے لیے جائز ہے کہ میں اپنی والدہ اور بہن بھائیوں سے چھپ کر حفظ کرلوں اور ان پر کبھی ظاہر نہ کروں؟ یہ چھپانا دھوکہ دینے میں تو نہیں آئے گا؟ (۲) کیا کھانے پینے اور استعمال کی چیزیں اپنے حصہ کے بقدر جن کی اجازت بھی ہو، والدہ سے چھپ کر کھانا اور استعمال کرنا چوری ہوتا ہے ؟

    جواب نمبر: 156353

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:161-109/sd=2/1439

    (۱) آپ کی والدہ حفظ کرنے سے کیوں منع کرتی ہیں ؟ کیا اُن کے سامنے اس کی کوئی وجہ ہے ؟ جب تک والدہ کی اجازت نہ ہو ، آپ چھپ کر حفظ نہ کریں ، ممکن ہے کہ اُن کے سامنے کوئی معقول وجہ ہو، والدہ کی اطاعت کے ساتھ رہیں۔

    (۲) جی نہیں ! شرعا اس کو چوری تو نہیں کہا جائے گا؛ البتہ والدہ سے چھپ کر کھانے اور استعمال کرنے کی کیا وجہ ہے ؟ گھر میں اس طرح کا عمل مروت اور شرافت کے خلاف ہوتا ہے ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند