• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 155462

    عنوان: قرآن یاد کرنے پر پیسہ ملنا

    سوال: حضرت مفتی صاحب! میں قرآن حفظ کرتا ہوں، میرے والد صاحب مجھے ہر پارہ پورا ہونے پر پیسے دیتے ہیں خوشی کے طور پر، اور روزانہ سبق یاد کرنے کے اس طرح پیسے دیتے ہیں کہ آج اگر اتنا سبق یاد ہوگا تو اتنے پیسے دوں گا، تو کیا جائز ہے؟ اس سے یہ بھی محسوس ہوتا ہے کہ روزانہ کی لالچ ہے مگر پورا ہونے پر تو خوشی ہے؟ اور میں والد صاحب کا قرآن سنتا ہوں تو انہوں نے بولا ہے کہ جب پورا دَور ہو جائے گا تو میں خوشی میں 10000روپئے دوں گا، کیا یہ سب جائز ہے؟ اگر نہیں! تو کیوں؟

    جواب نمبر: 155462

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:111-89/M=2/1439

    روزانہ سبق یاد کرنے اور ہرپارہ مکمل ہونے پر اسی طرح والد صاحب کا قرآن مکمل سننے پر، والد صاحب خوشی سے جو روپیہ دیتے ہیں یا دیں گے اسے لے سکتے ہیں، وہ انعام وعطیہ ہے جو شوق پیدا کرنے اورحوصلہ بڑھانے کے لیے والد صاحب دیتے ہیں، آپ اپنے دل میں روپئے کی لالچ نہ لائیں اور محض اللہ کی خوشنودی کے لیے کلام پاک حفظ کیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند