عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم
سوال نمبر: 146710
جواب نمبر: 146710
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa: 318-474/N=6/1438
انگریزی زبان میں قرآن کریم پڑھنے کا مطلب اگر یہ ہے کہ انگریزی رسم الخط میں قرآن کریم کا تلفظ ہو، اسے دیکھ کر پڑھا جائے، جیسے: اَلْحَمْدُکو Alhamduoلکھا جائے اوراسی کے مطابق پڑھا جائے تو معلوم ہونا چاہیے کہ اللہ رب العزت نے جو قرآن کریم نازل فرمایا ہے، وہ عربی زبان میں ہے اور قرآن میں جا بجا اس کی صفت عربی ذکر کی گئی ہے؛ اس لیے عربی زبان کے علاوہ انگریزی میں یا کسی اور زبان میں لکھا ہوا قرآن، مکمل طور پر نازل شدہ قرآن کریم کے حکم میں نہیں ہوسکتا؛ بلکہ ایک درجہ میں اصل قرآن کی ناقص حکایت ونقل ہوگی؛ کیوں کہ دنیا کی کسی بھی زبان میں عربی زبان کی تمام لازمی وضروری صفات وخصوصیات اور باریکیوں کی رعایت نہیں ہوسکتی؛اس لیے عربی زبان کے علاوہ انگریزی یا کسی اور زبان میں قرآن پاک لکھنا یا پڑھنا باجماع امت ناجائز ہے(دیکھئے:الإتقان في علوم القرآن۴: ۱۴۶، ۱۴۷، مناہل العرفان،۲:۱۰۷، ۱۰۸،مطبوعہ: دارالکتاب العربی بیروتاور فتاوی محمودیہ ،۳:۵۰۷، ۵۱۲، مطبوعہ: ادارہ صدیق ڈابھیل،وغیرہ ) ؛ لہٰذا آپ انگریزی والا قرآن بالکل نہ پڑھیں؛ بلکہ کسی اچھے حافظ یا قاری سے نورانی قاعدہ اور دس پندرہ پارے پڑھ لیں،إن شاء اللہ آپ عربی والا قرآن بآسانی پڑھنے لگیں گے۔
اور اگر انگریزی زبان میں قرآن پڑھنے کا مطلب ہے: قرآن کریم کا صرف ترجمہ پڑھنا تو ترجمہ کسی بھی زبان میں پڑھا جاسکتا ہے؛ لیکن ترجمہ عین قرآن کے حکم میں نہیں ہوتا؛ اس لیے محض ترجمہ پڑھنے سے قرآن کریم کی تلاوت کا ثواب نہیں ملے گا؛ لہٰذا آپ ترجمہ پڑھنے کے ساتھ عربی میں قرآن پاک کی تلاوت کا بھی اہتما م رکھیں ۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند