متفرقات >> تصوف
سوال نمبر: 606636
گناہ سے کیسے بچیں
حضرت سوال یہ ہے کہ میرے سے گناہ ہو جاتا ہے توبہ کرتا ہوں نادم بھی ہوتا ہوں لیکن پھر گناہ کر بیٹھتا ہوں اور دل بہت شرمندہ ہوتا مہربانی فرما کر میری رہنمائی فرمائیں۔
جواب نمبر: 606636
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 208-159/M=03/1443
گناہ چھوڑنے کے لیے مضبوط ارادہ اور پختہ ہمت کی ضرورت ہوتی ہے اور گناہ سے بچنے کے لیے اسباب گناہ کو بھی ترک کرنا پڑتا ہے مثلاً اگر تنہائی کے گناہ ہیں تو اپنے آپ کو تنہائی سے بچائیں، بری صحبت کی وجہ سے گناہ ہوجاتا ہے تو نیک صحبت اختیار کریں اور بری صحبت سے بچیں، موبائل میں فحش ویڈیوز دیکھنے کے گناہ میں مبتلا ہوجاتے ہیں تو ملٹی میڈیا موبائل کا استعمال ترک کردیں اور نفس و شہوت کا زور کم کرنے کے لئے روزے بھی رکھا کریں، اگر شادی کی عمر ہوگئی ہے تو جلد مناسب رشتہ تلاش کرکے نکاح کرلیں، ہوسکے تو کسی متبع سنت، صاحب نسبت بزرگ سے اصلاحی تعلق قائم کرلیں، اور ان کی تجویز کردہ ہدایات پر عمل کریں، گناہ ہوجانے کی صورت میں اپنے نفس کو ایسے اعمال صالحہ اختیار کرکے سزا دیں جو اس پر بھاری گزریں مثلاً پچاس رکعت نوافل پڑھیں، ایک دو وقت فاقہ کریں ایک بڑی رقم صدقہ کرنے کو لازم کرلیں وغیرہ اور اللہ تعالی سے دعا کا اہتمام بھی کریں۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند