• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 606498

    عنوان:

    نمازوں کی پابندی کے باوجود گناہ نہیں چھوٹ رہے‏‏، کیا کریں؟

    سوال:

    (۱) حضرت میرا سوال یہ ہے . . . ایک لڑکا ہے وہ پانچوں وقت کی نماز بھی پڑھتا ہے ، اور قرآن کی تلاوت بھی روز کر تا ہے لیکن اس سے ایک گناہ سَر زد ہوتا رہتا ہے وہ ہے پورن موویز{فحش ویڈیو } دیکھنے کا، اس کے لیے دعا کیجئے اور کوئی ترکیب بتائیں کیسے وہ اس سے بچے . . . بیچ بیچ میں وہ اِس گناہ کو چھوڑ بھی دیتا ہے مہینے دو مہینے کے لیے لیکن پھر اچانک سے دیکھنا شروع کردیتا ہے . . . توبہ بھی کرتا ہے لیکن پھر ہو جاتا . پلیز ،حضرت کوئی دعا یا کوئی استغفار بتائیں، جس سے یہ بچ جائے . یہ گناہ کون سا ہے صغیرہ یا کبیرہ . ؟

    (۲) یو ٹیوب پہ کسی اسلامک اِسْکالَر کا نام بتائیں جس کی قرآن کی تفسیر سن کے اپنے علم میں اضافہ کرسکے ؟

    (۳) گھر میں اگر کسی نے کوئی تعویذ/گنڈا کرا دیا ہے تو اس کا کیسے پتا کرے ؟ اور ان سے بچنے کے لیے کونسا عمل کرے جس سے گھر کی حفاظت اور خود کی بھی حفاظت ہو سکے ؟

    (۴) سال سے نہ کوئی جاب لگ پا رہی ہے نا کوئی بزنس شروع ہو پائی ہے ، اسی وجہ سے شادی نہیں ہو سکی ہے ، پلیز ، دعا بھی کر دیجئے اور کوئی عمل ہو وہ بھی بتا دیجئے ۔

    (۵) نماز سے متعلق ہر جانکاری کے لیے کوئی اچھی کتاب بتا دیجئے جس میں آسانی سے بتایا گیا ہو ۔

    جواب نمبر: 606498

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 161-39T/M=03/1443

     (۱) گناہ کو چھوڑنے کے لیے پختہ ارادہ اور مضبوط ہمت چاہئے، گناہ جس سبب سے ہورہا ہے اس کو بھی ترک کرنا چاہئے، وہ لڑکا تنہائی میں اکیلے رہنے سے بچے اور ملٹی میڈیا موبائل (اسکرین ٹچ والا) کا استعمال چھوڑ دے، ضرورت کے لئے سادہ موبائل رکھ لے، ہوسکے تو کسی شیخ متبع سنت و صاحب نسبت بزرگ سے اصلاحی تعلق قائم کرلے اور بکثرت روزے بھی رکھا کرے، گناہ ہوجانے کی صورت میں اپنے نفس کو ایسے اعمال صالحہ اختیار کرکے سزا دے جو اس پر بھاری گزریں مثلاً چالیس ، پچاس رکعت نوافل پڑھے، ایک بڑی رقم صدقہ کرے اور ایک دو وقت فاقہ کرے وغیرہ، اور دعا کا بھی اہتمام کرے، فحش ویڈیو دیکھنا بڑا گناہ ہے۔

    (۲) یوٹیوب پر قرآن کی تفسیر سننے کے بجائے مقامی کسی معتبر عالم دین یا معتبر مفتی صاحب سے رابطہ کرکے اُن کے درس قرآن یا تفسیر کی مجلس میں بیٹھاکرے یا اُن سے سبقاً سبقاً پڑھا کرے۔

    (۳) بلاوجہ شک و وہم میں نہ پڑا کرے اور کسی کے بارے میں بلا ثبوت و تحقیق کے بدگمانی قائم نہ کرے، حفاظت کے لیے معوذتین (سورہ ناس و فلق) صبح و شام اور حضرت شیخ زکریا رحمہ اللہ کی منزل روزانہ پڑھا کرے۔

    (۴) ہر نماز کے بعد آیة الکرسی اور بعد نماز مغرب سورہ واقعہ پڑھا کرے، یَا وَہَّابُ اور یَا لَطِیْفُ کا وظیفہ سو مرتبہ اول و آخر سات سات مرتبہ درود شریف کے ساتھ بھی پڑھ لیا کرے۔ اللہ تعالی اس کو مذکورہ مقاصد میں کامیابی عطا فرمائے۔ آمین

    (۵) بہشتی زیور، دین کی باتیں (حضرت تھانوی رحمہ اللہ) ، مسائل نماز (حضرت قاری رفعت صاحب)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند