• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 168775

    عنوان: عشق مجازی کا رخ عشق حقیقی کی طرف کس طرح پھیرا جائے؟

    سوال: دریافت طلب بات یہ ہے کہ زید(عمر 23 برس، غیر شادی شدہ) کو بہت شدید عشق مجازی ہو گیا ہے ہر وقت معشوق کا تصور، بلا وجہ رنج و غم حتی کہ نماز، تلاوت نیز ہر قسم کی عبادات میں اسی کا خیال! زید کو یہ فکر بھی ہے کہ اس کے اعمال میں اللہ کی طرف دھیان نہیں ہے نیز عبادات بہت بیجان معلوم ہوتی ہیں اور وہ اپنے آپ کو اس پر ملامت بھی کرتا ہے نیز اس کو ہمہ وقت اس بات کا احساس رہتا ہے کہ کاش یہ تڑپ اللہ کے لئے ہوتی، دماغ تو ان باتوں کو محسوس کرتا اور مگر دل کی کیفیت کچھ الگ ہے ، موصوف اس بات کو محسوس کرتاہے کہ یہ عشق دین و دنیا کے لئے تباہ کن ہے مگر دل ان سب باتوں کو قبول نہیں کرتا، زید ایک عرصے سے اس بات پر غور کر رہا تھا کہ یا اللہ تو نے دل درد آشنا کیوں دیا ہے مجھے اس کی برقراری اور آگہی نے تو پاگل بنا دیا ہے مجھے ، تبھی مغرب کی نماز کے بعد ذہن میں یہ بات آئی کہ فی الحقیقت یہ ایک بہت ہی زبردست نعمت ہے جبکہ یہ برقراری حقیقی محبت کے لئے ہو یعنی اللہ کے لئے ، برائے مہربانی یہ طریقہ بتائیں کہ پورے عشق مجازی کا رخ اللہ کی طرف مڑ جائے ۔

    جواب نمبر: 168775

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:576-464/N=6/1440

    آپ کا جذبہ نہایت اعلی وقابل قدر ہے؛ البتہ یہ کچھ آسان بھی نہیں جب تک اللہ تعالی کا فضل نہ ہو۔ اس کے لیے آپ کسی متبع شریعت وسنت شیخ کامل کی صحبت اختیار کریں اور اگر ان سے مناسبت ہوجائے تو بیعت ہوجائیں، اگر آپ کسی شیخ کامل سے اصلاحی تعلق قائم کرکے ان کی ہدایات کے مطابق اپنی اصلاح کی فکر کریں گے تو إن شاء اللہ تعالیآپ کو تعلق مع اللہ کی نسبت حاصل ہوجائے گی ۔ اللہ تعالی ہم سب کو اس عظیم دولت سے سرفراز فرمائیں ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند