• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 167820

    عنوان: پیری مریدی پہلی سی نہ رہی

    سوال: امید ہے کہ آپ حضرات بخیر و عافیت ہوں گے ہمارے علاقے کے ایک ہمارے دوست جو کہ دین سے واقفیت رکھتے ہیں اور ماشائاللہ مخصوص علم کے بھی حامل ہیں اُن کا کہنا یہ ہے کہ جو حالی پیری مریدی کا سلسلہ چل رہا ہے وہ اب پہلے جیسا نہیں رہا نیز آگے ان کا یہ کہنا ہے کہ فی الوقت جو خلافت دی جا رہی ہے وہ پیسے کے عوض بھی خریدی جا رہی ہے بندہ اس بات سے بڑا متحیر اور بڑا متعجب ہے اور اصل علم نہ ہونے کی وجہ سے آپ مفتیانِ کرام سے ادباً التماس ہے کہ بندے کی رہنمائی فرما کر شکریہ کا موقع دیں۔ جزاکم اللہ خیرا و احسن جزاء

    جواب نمبر: 167820

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 497-435/H=05/1440

    پہلی جیسی غذائیں بھی نہ رہیں پہلے جیسے دوست بھی نہ رہے پہلا جیسا گھی بھی نہ رہا پہلی جیسی قوتیں بھی نہ رہیں وغیرہ وغیرہ تو پیری مریدی ہی کا کیا رونا رویا جائے ممکن ہے آپ کے دوست صاحب کے یہاں خلافت کی خرید و فروخت ہوتی ہو، الحمد للہ ہمارے اور ہمارے اکابر و اسلاف رحمہم اللہ اور موجود بزرگوں میں ایسا کچھ نہیں ہے اصلاح نفس اور باب تزکیہ میں جس شخص کو جو بزرگ اہل سمجھتے ہیں اُس کو یہ امانت (بارخلافت) سپرد کرتے ہیں جس کی برکات و فوائد آج دنیا میں مشاہَد ہیں حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب رحمہ اللہ تعالی رحمة واسعہ کی کتاب ”شریعت و طریقت کا تلازم“ بغور مطالعہ فرمالیں گے تو ان شاء اللہ آپ کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند