• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 162219

    عنوان: متبع سنت بزرگ سے بیعت ہونا كیا ہے‏، فرض واجب یا سنت مؤكدہ ؟

    سوال: متبع شریعت بزرگ سے بیعت ہونے کا کیا حکم ہے فرض واجب سنت موکدہ میں سے کیا ہے ؟ایک خطیب صاحب نے اپنے جمعہ بیان میں فرض عین بتایا ہے دلیل کے طور پر(سورة توبہ آیت نمبر 119) پیش کی ہے ، خطبئہ جمعہ کے درمیان میں بزبان عربی کے علاوہ غیر عربی میں تاکید فرماتے ہیں مثلاً کیسے بیٹھے ہو اپر چلے جاؤ وغیرہ کیا یہ مناسب ہے اور مخلوط خطبئہ جمعہ(عربی غیر عربی ) کا کیا حکم ہے ؟

    جواب نمبر: 162219

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1199-986/SD=10/1439

    اصل چیز جو فرض اور ضروری ہے وہ عقائد کی درستگی اور فرائض و واجبات خواہ عبادات کے قبیل سے ہوں یامعاملات و اخلاقیات کے قبیل سے ان کے احکام و مسائل سیکھ کر عمل میں پختگی پیدا کرنا، بالعموم یہ اصلاح کسی متبع سنت پابند شریعت شیخ سے تعلق قائم کئے بغیر حاصل نہیں ہوتی، اس لیے کسی شیخ کامل سے اصلاح تعلق قائم کرنے کو ضروری کہا جاتا ہے، بیعت ہونا ضروری نہیں ہے لیکن چونکہ بیعت ہونا تعلق کو مضبوط کرنے کی علامت اور ذریعہ ہے اس لیے مستحسن ہے ۔ (۲) خطبہ کے دوران اس طرح بولنا درست نہیں ہے۔ (۳)اردو اور عربی کا مخلوط خطبہ پڑھنا بھی صحیح نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند