• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 160447

    عنوان: اگر کسی کو فحش فلم دیکھنے کی لت پڑگئی ہو تو کیسے بچے؟

    سوال: مجھے فحش فلم دیکھنے لت پڑگئی ہے، اور اس کو دیکھنے کے بعد میں اللہ سے معافی مانگتاہوں ، مگر دو تین دن کے بعدپھر مجھ سے یہ گناہ ہوجاتاہے ۔ براہ کرم، رہنمائی فرمائیں کہ میں کیسے اس گناہ سے سچی توبہ کروں؟میں بہت پریشان ہوں۔

    جواب نمبر: 160447

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:871-711/sn=8/1439

    آپ پریشان نہ ہوں ، بس ہمت سے کام لیں، ملٹی میڈیا موبائل کا استعمال ترک کردیں، بات چیت وغیرہ کے لیے سادہ موبائل کا استعمال کریں، فارغ اوقات میں سیرت یا علما ومشائخ کی زندگی اور ان کے مجاہدانہ کارناموں پر مشتمل کتابوں کا مطالعہ کریں، پابندی سے پنجوقتہ نماز باجماعت ادا کیا کریں، ان شاء اللہ یہ لت ختم ہوجائے گی، اگر ہوسکے تو قریب کے کسی متبع سنت شیخ سے اپنا اصلاحی تعلق قائم کرلیں اور اپنے احوال وقتاً فوقتاً انہیں بتلاتے رہیں، اگر ان سب تدبیروں کے باوجود کبھی یہ گناہ سرزد ہوجائے تو اچھی طرح غسل کرکے صاف ستھرا کپڑا پہن کر دو رکعت صلاة التوبہ ادا کریں اور اپنی آمدنی کا پانچ یا دس فیصد صدقہ کردیں اور اپنے اوپر یہ لازم کرلیں کہ آئندہ اگر پھر یہ گناہ سرزد ہوا تو مذکورہ بالا امور انجام دیئے بغیر کھانا نہیں کھائیں گے، ان شاء اللہ ایسا کرنے سے نفس مغلوب ہوجائے گا اور گناہوں سے حفاظت رہے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند