• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 153566

    عنوان: وحدت الوجود کے بارے میں علمائے دیوبند کیا کہتے ہیں؟

    سوال: وحدت الوجود ایک صوفیانہ عقیدہ ہے جس کی رو سے جو کچھ اس دنیا میں نظر آتا ہے وہ خالق حقیقی کی ہی مختلف شکلیں ہیں اور خالق حقیقی کے وجود کا ایک حصہ ہے ۔اس بارے میں علماء دیوبند کیا کہتے ہیں،کیا علماء دیوبند اس عقیدے کی یہی تشریح کرتے ہیں نیز کسی اور کو خالق کے وجود کا حصہ ماننا کیا کفر نہیں؟

    جواب نمبر: 153566

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1267-1183/sd=11/1438

    وحدة الوجود ایک اصطلاح ہے ،اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کائنات میں حقیقی اور مکمل وجود صرف ذات باری تعالی کا ہے ، اس کے سوا ہر وجود بے ثبات، فانی اور نامکمل ہے ،ایک تو اس لیے کہ وہ ایک نہ ایک دن فنا ہوجائے گا، دوسرے اس لیے کہ ہر شئی اپنے وجود میں ذات باری تعالی کی محتاج ہے ، لہذا جتنی اشیاء ہمیں اس کائنات میں نظر آتی ہیں، انھیں اگرچہ وجود حاصل ہے ؛ لیکن اللہ کے وجود کے سامنے اس وجود کی کوئی حقیقت نہیں، اس لیے وہ کالعدم ہے ۔ وحدة الوجود کا یہ مطلب صاف ، واضح اور صحیح ہے ، اس سے آگے اس کی جو تشریحات کی گئی ہیں، وہ خطرناک ہیں، بعض تعبیرات تو کفر کی حد تک پہنچتی ہیں،سوال میں وحدة الوجود کی جو تشریح کی گئی ہے ، وہ بھی اسی قبیل سے ہے ،یعنی ایسا عقیدہ رکھنا کفر ہے ، ایک مسلمان کو بس سیدھا سادا یہ عقیدہ رکھنا چاہیے کہ کائنات میں حقیقی اور مکمل وجود اللہ تعالی کا ہے ، باقی ہر وجود نامکمل اور فانی ہے ۔ (فتاوی عثمانی : ۶۶/۱) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند