• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 57634

    عنوان: کیا دیوبندی اصلی حنفی ہیں؟

    سوال: کیا دیوبندی اصلی حنفی ہیں؟ میں شافعی سنی ہوں، کیا میں جان سکتاہوں کہ شافعی دیوبندی مسلک میں شامل نہیں ہیں؟

    جواب نمبر: 57634

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 466-463/B=5/1436-U

    یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ امت کا اس بات پر اجماع ہے کہ ائمہ اربعہ امام ابوحنیفہ امام مالک امام شافعی اور امام احمد بن حنبل رحمہم اللہ برحق ہیں، ان کے مذاہب برحق ہیں، ان میں سے کسی کی بھی تقلید کرکے آدمی عامل بالشریعہ بن سکتا ہے، کسی ایک امام کی تقلید کرنے والوں کے لیے جائز نہیں کہ وہ دوسرے امام کے ماننے والوں کو برا بھلا کہے، نیز اس بات پر بھی اہل حق کا اتفاق ہے کہ اس وقت اہل السنة والجماعت ائمہ اربعہ کے متبعین ہی پر منحصر ہیں، ائمہٴ اربعہ کے متبعین ہی اہل السنة والجماعت کہلائے جائیں گے، اکر کوئی ائمہ اربعہ کے مذاہب چھوڑکر نیا راستہ اختیار کرے گا تو اسے اہل السنة والجماعة سے خارج شمار کیا جائے گا۔ (حاشیة الطحطاوی علی الدر المختار: ۴/۱۵۳، ط: مکتبة الاتحاد دیوبند) دیوبندی مسلک کوئی نیا مسلک نہیں ہے، بلکہ دیوبندی مسلک اہل السنة والجماعة کے عقائد ونظریات کی صحیح ترجمانی اور اس کی اشاعت سے عبارت ہے۔ البتہ چونکہ ہندوستانی مسلمانوں کی اغلبیت حنفی سنیوں کی ہے اور ان کا معمول بہ مذہب حنفی ہے اس لیے دیوبندی مکتب فکر کے اکابر بھی مسلکاً حنفی تھے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ائمہ ثلاثہ امام مالک، امام شافعی اور امام احمد رحمہم اللہ کی بھی ان کی شایان شان تعظیم کرتے ہیں، ان کی شان میں اگر ذرا سی گستاخی کی جاتی ہے تو اس کے خلاف سب سے پہلے آواز بلند کرنے والے دیوبندی علماء ہی ہوتے ہیں، نیز ہردور میں دیوبند کے مدارس میں پڑھنے والے طلبہ کی ایک بڑی تعداد ایسی رہتی ہے جو مسلکا حنفی نہیں ہوتی بلکہ وہ امام مالک یا امام شافعی یا امام احمد رحمہم اللہ کے مقلد ہوتے ہیں، اور وہ اپنے مسلک کے مطابق عمل کرتے ہیں۔ ان مذکورہ چند باتوں سے واضح ہوجاتا ہے کہ جو اہل السنة والجماعة میں شامل ہیں وہ مسلک دیوبندی میں بھی شامل ہیں کیونکہ مسلک دیوبندی کوئی نیا مسلک نہیں ہے اور چونکہ اہل السنة والجماعة کے عقائد ونظریات کی صحیح ترجمانی اور اس کی زیادہ اشاعت علمائے دیوبند ہی کی محنت سے ہوئی اور ہورہی ہے؛ اس لیے یہ تحریک مسلکِ دیوبندی سے مشہور ہوگئی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند