• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 51412

    عنوان: علماء حرمین کا مسلک

    سوال: کیا علماء حرمین اور علماء دیو بند میں کسی مسئلے پر اختلاف ھے ؟اگر ھاں تو کس بات پر؟ علماء حرمین ھمارے کو یعنی دیوبندیوں کو کس نظر سے دیکھتے ھیں؟ ایک بریلوی بندے کو یہ کھتے ھوئے سنا کہ علماء حرمین دیوبندیوں کو نعوذ با اللہ کافر سمجھتے ھیں اس قول کی کیا حقیقت ھے ؟اور یہ بریلوی لوگ ھمارے پیچھے کیوں پڑے ھوئے ھیں؟آخر یہ احمد رضا صاحب کون تھا ؟اورجو کفریہ کلمات وہ لوگ ھمارے علماء مولانا اسماعیل شھید مولانا قاسم صاحب نانوتوی اور مولانا اشرف علی تھانوی رحمتہ اللہ علیھما کی طرف منسوب کرتے ھیں ان کا کیا جواب دیں؟

    جواب نمبر: 51412

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1015-741/L=9/1435-U (۱) آپ کو جس مسئلے میں اختلاف نظر آرہا ہے اس مسئلے کے بارے میں سوال کریں، پھر ان شاء اللہ جواب دیا جائے گا۔ (۲) کچھ ہی سالوں کے اندر دارالعلوم دیوبند میں ائمہ حرمین میں سے شیخ سدیس شیخ شریم صاحب اور حرم مدنی کے امام بھی تشریف لاچکے ہیں اور انھوں نے دارالعلوم دیوبند اورعلمائے دیوبند کی خدمات کو سراہا ہے، اس سے پہلے بیت اللہ شریف کے سب سے بڑے امام شیخ سبیل رحمہ اللہ نے بھی دیوبند کی حاضری کے موقع پر اچھے تاثرات کا اظہار فرمایا تھا، اس کے علاوہ بہت سے ائمہ، وزراء وقتا فوقتاً تشریف لاچکے ہیں اور سب نے اچھے تأثرات کا اظہار کیا ہے۔ (۳) نعوذ باللہ علمائے حرمین میں سے جو حضرات علمائے دیوبند کو کافر کہتے ہیں ان کے ناموں کی فہرست دکھادو اور وہ کون علماء ہیں؟ یہ سراسر ایک بہتان اور بہت بڑا جھوٹ ہے۔ (۴) قرآن وحدیث کا صحیح علم نہ ہونے کی وجہ سے بریلوی حضرات علمائے دیوبند سے بدگمانی رکھتے ہیں اس مسئلے کو وضاحت سے سمجھنے کے لیے انکشافِ حق کتاب کا مطالعہ کرلیا جائے۔ (۵) مولانا احمد رضا خان صاحب بریلوی کے مکمل تعارف کے لیے مولانا الیاس گھمن صاحب کی کتاب ”فرقہٴ بریلویت ہند وپاک کا تحقیقی جائزہ“ اس کتاب کا مطالعہ فرمالیں، ان شاء اللہ مکمل جواب مل جائے گا۔ (۶) جو کفریہ کلمات ہمارے اکابرین علمائے دیوبند کی طرف منسوب کرتے ہیں ہ بھی عدم علم اورجہالت کی وجہ سے، اگرآپ کو ان عبارتوں کا جواب مطلوب ہے تو چند کتابیں تحریر کرتا ہوں ان کا مطالعہ کرلیں ان شاء اللہ آپ کو تمام عبارتوں کا تسلی بخش جواب مل جائے گا۔ ۱) المہند علی المفند یعنی عقائد علمائے اہل سنت دیوبند ۲) عبارات اکابر ۳) حسام الحرمین کا تحقیق جائزہ، موٴلف مولانا محمد الیاس گھمن صاحب ۴) مجموعہ رسائل چاند پوری دو جلدیں


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند