• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 40891

    عنوان: کیا مقلد حضرات امام صاحبان کی شخصیت پرستی نہیں کرتے ؟

    سوال: میں غیر مقلد ہوں اور علم حاصل کرنے کی نیت سے آپ کے فتاواجات کو پڑھتا ہوں۔۔ آپ نے کئی بھائیوں کے سوالات کے جوابات میں لکھا ہے کہ غیر مقلد نفس کی پیروی کرتے ہیں، قرآن مجید کی آیت ( سورہ الجاثیہ ۔ آیت ۲۳) کا مفہوم ہے کہ خواہش نفس کی پیروی کرنے والا اپنے نفس کی عبادت کرتا ہے، یعنی وہ کفر کرتا ہے، اس آیت کی روشنی میں دیکھا جائے تو آپ علماء حضرات ہم غیر مقلدوں پر کفر کا فتویٰ لگاتے ہیں جو کہ ناجائز ہے ۔ اگر ہم لوگ کافر نہ ہوئے تو کیا یہ الفاظ پلٹ کر واپس نہیں آتے ہوں گے ؟، ہمارا دعویٰ ہے کہ ہم لوگ ڈائریکٹ آپ ? کی اتباع اور اطاعت کرتے ہیں جس کا قران مجید میں حکم ہے کہ اللہ اور اللہ کے رسول کی اطاعت کرو۔۔ ۔۔ مجھے آپ کے الفاظ پر افسوس ہے۔۔۔ میں امام ابو حنیفہ کی بہت عزت کرتا ہوں۔ انھوں نے کبھی نہیں کہا کہ آنکھیں بند کر کے میری پیروی کرو۔۔ انتہائی ادب و احترام سے اور معذرت سے یہ سوال پوچھتا ہوں کہ کیا مقلد حضرات امام صاحبان کی شخصیت پرستی نہیں کرتے ؟ اور یہ بھی بتائیں کہ اتباع اور اطاعت کے ہوتے ہوئے تقلید کی کیا ضرورت ہے؟

    جواب نمبر: 40891

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1309-433/H=10/1433 ”آپ غیر مقلد ہیں اور ماشاء اللہ ڈائریکٹ آپ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی اتباع واطاعت کرتے ہیں“ اس کا کیا مطلب ہے؟ غالباً یہ مراد ہوگا کہ حاملانِ قرآن وشارحین حدیث سے پوری طرح مستغنی اور الگ تھلگ رہ کر ڈائریکٹ قرآن وحدیث پر عمل کرنا آپ کا شیوہٴ خاصہ ہوگا اگر یہی مطلب ہے تو اس پر صاد کردیجیے اور کچھ دوسرا مطلب آپ کے نزدیک ہے تو اس کو صاف صحیح واضح لکھئے۔ (ب) آپ کے مقبول مقلد حضرات امام صاحبان کی شخصیت پرستی کرتے ہیں اس شخصیت پرستی سے آپ کی کیا مراد ہے؟ اس کو بھی صاف صحیح واضح لکھئے۔ (ج) آپ ہمارے فتاویٰ کو علم حاصل کرنے کے لیے پڑھتے ہیں، جزاک اللہ، جن فتاوی پر آپ کو اشکال ہے وہ فتاویٰ یا ان کی نقل عکسی منسلک کرکے اشکال تحریر کریں تب ان شاء اللہ مفصل مدلل جواب لکھ دیا جائے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند